پی سی بی ڈیٹلر مہم کی آل راؤنڈر کٹیگری میں کل 8 لاکھ سے زائد سوشل میڈیا صارفین متحرک نظر آئے جنہوں نے اپنی خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے عمران خان اور شاہد آفریدی کی تصوراتی جوڑی کو خوب سراہا۔
اس دوران شاہد آفریدی اور عبدالرزاق کی جوڑی مقبولیت میں دوسرے نمبر پر رہی جب کہ عمران خان اور عبدالرزاق کی جوڑی تیسرے نمبر پر مقبول قرار پائی۔
اس موقع پر قومی کرکٹ ٹیم کے موجودہ اور سابق کھلاڑیوں نے بھی اس مہم میں اپنا حصہ ڈالا۔
راشد لطیف نے عمران خان اور شاہد آفریدی، باسط علی نے عمران خان اور وسیم اکرم جب کہ وہاب ریاض نے عبدالرزاق اور اظہر محمود کی جوڑیوں کو اپنے اپنے ڈریم پیئر کے طور پر چنا۔
29 اپریل سے جاری مہم میں اس سے قبل 1990 کی دہائی کے عظیم کرکٹرز سعید انور اور عامر سہیل پر مشتمل اوپننگ جوڑی مہم کے پہلے حصہ میں مقبول ترین رہی۔
مڈل آرڈر بلے بازوں کے ڈریم پیئرز میں یونس خان اور محمد یوسف کا ڈریم پیئر سب سے مقبول جوڑی رہا۔
فاسٹ بولرز کے ڈریم پیئرز میں ٹو ڈبلیوز کی جوڑی نے مقبولیت کے تمام گذشتہ ریکارڈز توڑے جب کہ اسپنرز کی کٹیگری میں گگلی ماسٹر مرحوم عبدالقادر اور دوسرا کے موجد ثقلین مشتاق کی اسپن جوڑی کو مقبول ترین قرار دیا گیا۔