ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں جیولن تھرو کا فائنل راؤنڈ پاکستانی وقت کے مطابق آج صبح ساڑھے 6 بجے ہوا، فائنل مقابلے میں میاں چنوں سے تعلق رکھنے والے پاکستان کے ارشد ندیم پہلی پوزیشن جیت کر میڈل اپنے نام نہ کرسکے۔
پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے جویلین تھرو مقابلوں میں پانچویں پوزیشن حاصل کی۔ ارشد ندیم نے 86.16 میٹر کی تھرو کی، تاہم یہ تھرو ارشد ندیم کی اس سیزن میں بہترین تھرو بھی ہے۔
اس سے قبل ارشد ندیم نے گروپ بی کوالیفائنگ راونڈ میں 81.71 میٹر تھرو کی جو تیسری باری میں سب سے بہترین تھی، ارشد ندیم کو فائنل کوالیفائی کے لیے ٹاپ 12 میں آنا لازمی تھا۔
مقابلے سے قبل میڈیا سے گفتگو میں ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ فائنل راؤنڈ میں بھی اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔ پاکستانی ایتھلیٹ نے کہا کہ تیاریاں اچھی ہیں، ملک کے لیے تمغہ لانا چاہتا ہوں، قوم دعا کرے۔