یاسر شاہ نے شین وارن کی بال آف سنچری کی یاد تازہ کردی۔
گال ٹیسٹ میں کم بیک کرنے والے لیگ اسپنر نے پچ کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے کئی گھومتی گیندیں کرائیں، پاکستانی بولرز کے سامنے دیوار بنے رہنے والے کوشل مینڈس کو یاسر شاہ کی ایک گیند لیگ سے باہر پڑنے کے بعد اتنی اسپن ہوئی کہ آف اسٹمپ اڑاگئی،دنیا کا کوئی بھی بیٹر ہوتا شاید اسے سمجھنے میں ناکام رہتا۔
کوشل مینڈس نے کرکٹ کی کتاب کے مطابق تکنیکی طور پر گیند کو کھیلنے میں کوئی غلطی نہیں کی مگر ٹرن نے لاجواب کردیا،مبصرین اس گیند کا موازنہ شین وارن کی بال آف سنچری سے کرتے رہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو پر بھی صارفین نے دلچسپ تبصرے کرتے ہوئے یاسر شاہ کی صلاحیتوں کو سراہا۔
یاد رہے کہ 4جون 1993میں شین وارن نے مائیک گیٹنگ کو جس گیند پر آئوٹ کیا اسے ’’بال آف سنچری‘‘ قرار دیا گیا تھا۔