بابراعظم نے سنچری کے دوران پاکستان کی جانب سے بین الاقوامی کرکٹ میں مجموعی طور پر 10 ہزار رنز بنانے والے 11 ویں کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا۔
قومی ٹیم کے کپتان نے پاکستان کی جانب سے تیز ترین 10 ہزار رنز بنانے کا ریکارڈ بنایا، یہ سنگ میل انہوں نے 228 اننگز میں حاصل کیا جبکہ یہ ریکارڈ سابق کپتان جاوید میانداد کے پاس تھا۔
جاوید میانداد نے 246 اننگز میں بین الاقوامی کرکٹ میں 10 ہزار رنز بنانے کا اعزاز حاصل کیا تھا، سعید انور نے 255 اننگز، محمد یوسف نے 261 اور سابق کپتان انضمام الحق نے 281 اننگز میں یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔
ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ 10 ہزار 99 رنز بنانے والے سابق کپتان یونس خان نے 284 اننگز میں بین الاقوامی سطح پر 10 ہزار رنز بنائے تھے، مصباح الحق نے 286 اننگز، سلیم ملک نے 309، محمد حفیظ نے 328، شعیب ملک نے 358 اور شاہد آفریدی نے 441 اننگز میں یہ ریکارڈ بنایا تھا۔
عالمی سطح پر تیز ترین 10 ہزار رنز کا ریکارڈ ویسٹ انڈیز کے عظیم بلے بازز ویوین رچرڈز کے پاس ہے، جنہوں نے صرف 206 اننگز میں یہ ریکارڈ بنایا تھا۔
دوسرے نمبر پر جنوبی افریقہ کے سابق بلے باز ہاشم آملہ ہیں اور انہوں نے 10 ہزار رنز کا سنگ میل 217 اننگز میں عبور کیا تھا، ویسٹ انڈیز کے برائن لارا نے 220 اور انگلینڈ کے جو روٹ نے 222 اننگز میں یہ ریکارڈ بنایا تھا۔
بابراعظم نے بھارت کے شہرہ آفاق کرکٹر ویرات کوہلی سے پانچویں پوزیشن چھین لی ہے، جنہوں نے 228 اننگز میں 10 ہزار رنز کا ریکارڈ بنایا تھا۔
اس طرح بابراعظم تیزترن 10 ہزار رنز بنانے والے ایشیائی کرکٹر بن گئے ہیں۔
بابراعظم نے سری لنکا کے خلاف سنچری کے ساتھ پاکستان کی جانب سے بطور کپتان 70 اننگز میں سب سے زیادہ 9 سنچریاں بنانے کا ریکارڈ بنایا ہے۔
سابق کپتان انضمام الحق نے 131 اننگز میں 9 سنچریاں بنائی تھیں۔
مصباح الحق نے 189 اننگز میں 8 اور عمران خان نے بطور کپتان 186 اننگز میں 6 سنچریاں بنائی تھیں۔
خیال رہے کہ پاکستان نے سری لنکا کے خلاف سیریز کے پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 222 رنز کے جواب میں 218 رنز بنائے تھے، جس میں بابراعظم کے 119 رنز شامل تھے۔
بابراعظم نے 11 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 119 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔