پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو فیصل حسنین کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کی اہم میٹنگز آئندہ ہفتے ہونے جا رہی ہیں، جہاں تک پاکستان کا تعلق ہے تو ہم نے ان اہم اجلاسوں کے لیے دو چیزیں ایجنڈے پر رکھی ہیں، چیئرمین رمیز راجا انگلینڈ میں ہیں جبکہ اجلاس کے لیے میں انہیں جلد جوائن کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ ایجنڈے میں پہلی چیز تو یہ ہے کہ فیوچر ٹور پروگرام پر بات ہو گی اور ہم اپنے حوالے سے دیگر بورڈز سے معاملات کو حتمی شکل دیں گے، 80 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے باقی 20 فیصد کو فائنل کریں گے کہ کون کب کہاں کھیلے گا اور کون میزبانی کرے گا، دوسرے بورڈز سے باہمی سیریز کو حتمی شکل دیں گے۔
فیصل حسنین نے کہا کہ ایجنڈے میں دوسری اہم چیز جو ہم آئی سی سی کے اجلاس میں رکھیں گے وہ ہے ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی فرنچائز لیگز کا معاملہ، آئے روز لیگز سامنے آ رہی ہیں اور کچھ لیگز کی مدت بڑھ رہی ہے، یہ لیگز انٹرنیشنل کرکٹ کا وقت لے رہی ہیں جبکہ انٹرنیشنل کرکٹ سے بورڈ ریونیو حاصل کرتا ہے لیکن اب لیگز انٹرنیشنل کرکٹ کا وقت لے رہی ہیں، پاکستان کو اس پر تحفظات ہیں اور فکر مندی ہے۔
ان کا کہنا ہے ہم چاہتے ہیں کہ آئی سی سی میٹنگز میں اس معاملے پر بات چیت ہو اور اس کا ایک طریقہ کار بنایا جائے اور نئی تجاویز رکھی جائیں اور معاملے کو ہر صورت میں ایگزیکٹوز کی میٹنگ میں زیر بحث لایا جائے، خوشی کی بات یہ ہے کہ دو اور بورڈز نے بھی آئی سی سی کو اس حوالے سے لکھا ہے کہ ورکنگ گروپ تشکیل دیا جائے اور اس پر بحث ہونی چاہیے۔
چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے کہا کہ سب لوگ کیونکہ میٹنگ کے لیے ایک جگہ ہوں گے تو دیگر بورڈز سے سائیڈ لائنز پر بات چیت کے لیے وقت طے ہو چکا ہے، کرکٹ آسٹریلیا، انگلینڈ بورڈ اور سری لنکا کرکٹ سمیت دیگر بورڈز حتیٰ کہ سعودیہ کرکٹ بورڈ سے باہمی دلچسپی کے امور پر چیزوں کو حتمی شکل دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین رمیز راجا کی فور نیشن ٹورنامنٹ کی تجویز ابھی ٹیبل پر ہے، اگر بورڈ میٹنگ میں باضابطہ اس پر بات نہ ہوئی تو سائیڈ لائنز پر دیگر بورڈز کے ساتھ بات کریں گے، تین ملکی ٹورنامنٹ کرانے کی تجاویز پر یقینی طور پر بات ہو گی، آسٹریلیا تین ملکی ٹورنامنٹ کی میزبانی کرنا چاہتا ہے، اسی طرح ہم بھی اس معاملے پر بات کریں گے۔