قومی کرکٹ ٹیم کے آل راوندڑ عماد وسیم نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ کے بعد سے میں کوئی میچ نہیں کھیلا، مجھے نہیں سمجھ آتی کہ ٹیم سے کیوں مجھے ڈراپ کیا گیا۔
کرکٹ پاکستان کو دیئے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ مجھے ٹیم سے ڈراپ کرنے کی کوئی وجوہات نہیں بتائی گئی اور جو کچھ بھی کہا گیا اس سے میں غیر مطمئن ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ سنٹرل کانٹریکٹ کے اعلان کے بعد میں نے خود ٹیم انتظامیہ سے رابطہ کیا تھا، بعض اوقات وہ مجھے جواب دے دیتے ہیں اور کبھی نہیں بھی دیتے۔
عماد وسیم نے کہا کہ میری عمر 33 برس ہے ابھی میرے میں بہت کرکٹ باقی ہے، میں مزید چار پانچ سال کھیلنا چاہتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پسند نا پسند ہر جگہ ہوتی ہے، یہ نیچرل ہے لیکن میری درخواست ہے کہ ٹیم کے انتخاب سے قبل کھلاڑی کی صلاحیتوں کو ضرور مندنظر رکھا کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ بابراعظم کو کراچی کنگز کی کپتانی دیئے جانے سے پہلے مجھ سے مشاورت کی گئی تھی۔