منگنی کی بات سب سے پہلے میں نے کی: شاہین شاہ آفریدی

شاہد آفریدی اور شاہین شاہ آفریدی
پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم لاہور قلندر کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کے مطابق ابھی ان کا فوکس کرکٹ پر ہے مگر ساتھ ہی وہ کچھ عرصے بعد شادی کا ارادہ بھی رکھتے ہیں۔

شاہین شاہ آفریدی اور سابق کرکٹر شاہد خان آفریدی کی بیٹی اقصیٰ کی منگنی کی خبریں گزشتہ برس مارچ سے تھیں، تاہم اس کی تصدیق نہیں ہو سکی تھی۔

شاہد آفریدی نے مارچ 2021 میں اپنی ٹوئٹ میں تصدیق کی تھی کہ شاہین آفریدی کے خاندان نے ان کی بیٹی کا ہاتھ مانگا ہے اور ان کا خاندان بھی رشتے داری کے لیے راضی ہے، تاہم انہوں نے منگنی ہونے کی تصدیق نہیں کی تھی۔

 

لیکن اب شاہین آفریدی نے تصدیق کی ہے کہ ان کی منگنی ہو چکی ہے اور وہ کچھ عرصے بعد شادی کا ارادہ بھی رکھتے ہیں مگر فی الحال ان کی توجہ کرکٹ پر ہے۔

شاہین آفریدی نے بتایا کہ انہوں نے اپنے بڑے بھائی ریاض آفریدی کو دیکھ کر کرکٹ کھیلنا شروع کی اور ان کی قسمت اچھی تھی کہ انہیں قومی ٹیم میں کھیلنے کا موقع مل گیا۔

انہوں نے بتایا کہ انہیں بچپن سے ہی گاڑیوں کا شوق تھا اور انہوں نے اب تک متعدد قیمتی گاڑیاں بھی خرید لی ہیں۔

شادی سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ اب ان کی منگیتر بھی تعلیم حاصل کر رہی ہیں جب کہ ان کا بھی فی الحال کرکٹ پر دھیان ہے مگر کچھ عرصے بعد وہ شادی کا ارادہ رکھتے ہیں۔

شاہین آفریدی کے مطابق ان کی خواہش اور پسند کے مطابق ہی اقصیٰ سے ان کی منگنی ہوئی اور دونوں کے درمیان ملاقاتیں ہو چکی ہیں اور مستقبل میں بھی ان کی ملاقاتیں ہوتی رہیں گی۔

فاسٹ بالر کے مطابق انہیں لگتا ہے کہ ان کی منگیتر بھی مداحوں سے ناخوش ہوتی ہوں گی مگر وہ خواتین مداحوں کو زیادہ لفٹ نہیں کراتے۔

انہوں نے کم عمری میں منگنی کرنے کے تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جو خواہش تھی وہ پوری ہوگئی اور جو ان کا دل تھا وہ انہیں مل گیا۔ انہوں نے پروگرام کے دوران یہ اعتراف بھی کیا کہ کرکٹ کی وجہ سے ان کی تعلیم بھی متاثر ہوئی۔

Whats-App-Image-2020-08-12-at-19-14-00-1-1
upload pictures to the internet