اسٹار فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی خیبر پختونخوا پولیس کے خیر سگالی سفیر مقرر

قومی کرکٹ ٹیم کے اسٹار فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی
قومی کرکٹ ٹیم کے اسٹار فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کو خیبر پختونخوا پولیس کا خیر سگالی کا سفیر مقرر کردیا گیا۔

اسٹار باؤلر شاہین شاہ آفریدی کو اعزاز دینے کی ‘رینک پن’ تقریب ملک سعد پولیس لائنز پشاور میں منعقد ہوئی، جہاں وہ خیبر پختونخوا پولیس کی وردی میں ملبوس ہو کر شریک ہوئے۔

شاہین شاہ آفریدی کو انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا معظم جاہ انصاری اور چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا شہزاد خان بنگش نے پولیس کے اعزازی عہدے سے نوازا۔

 

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ کے پی پولیس کا خیر سگالی سفیر بننا اور اس اعزاز سے نوازا جانا ان کے لیے باعث فخر اور خوشی کا لمحہ ہے، اعزاز دینے پر آئی جی پولیس کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس غیرت اور قربانیوں کی فورس ہے، ہم گراؤنڈ میں میچ کھیلتے ہوئے نظر آتے ہیں، لوگ ہمیں سپر اسٹار سمجھتے ہیں لیکن اصل سپر اسٹار اور ہیرو ہماری فورسز ہیں۔

شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی پولیس ہیرو ہے جو پس منظر میں رہ کر ملک و قوم کی خدمات انجام دیتی ہے، فورسز کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں جنہوں نے ہمیشہ آگے آکر ملک و قوم کا دفاع کیا ہے، فورسز کی قربانیوں اور ان خدمات پر میں ان کو سیلوٹ پیش کرتا ہوں۔

قومی فاسٹ باؤلر کا کہنا تھا اس پولیس کی وردی کو پہن کر ان کے والد نے 30 سال نوکری کی، ان کے بھائی 13 سال سے فورس میں خدمات انجام دے رہے ہیں، ہمارے گھر کو دہشت گردوں 2 مرتبہ نشانہ بنایا، ہمارے گھر کو دھماکے سے اڑایا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایک مرتبہ میرے والد پر حملہ کیا گیا جس میں وہ شدید زخمی بھی ہوئے، اس طرح کے حالات میں خدمات انجام دینا آسان نہیں ہوتا لیکن خیبر پختونخوا پولیس کی قربانیوں سے صوبے میں امن قائم ہوا۔

قومی کرکٹر کا کہنا تھا کہ پولیس کی ڈیوٹی کافی مشکل ہے، تقریب میں موجود فخر زمان سمیت تمام کرکٹرز خیبر پختونخوا پولیس اور فورسز کے ساتھ ہیں۔

Whats-App-Image-2020-08-12-at-19-14-00-1-1
upload pictures to the internet