رہنما مسلم لیگ ن شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز صدر نے نیب ترمیمی بل دستخط کیے بغیر واپس کردیا، نیب کا ہر کیس جھوٹا ہوتاہے، صدر مملکت سے گزارش ہے کہ نیب کا ریکارڈ منگوا لیں۔
نیب کورٹ اسلام آباد کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے خاقان عباسی نے کہا کہ نیب کا ادارہ سیاسی توڑ پھوڑ کےلیے استعمال ہوا ہے، صدر نے چیئرمین نیب کو بلا کر کبھی پوچھا کہ کیا کیس بنائے ہیں، جب تک نیب ہے تب تک ملک نہیں چلے گا، صدر کو کہنا چاہیے کہ نیب نے ملک کی تباہی کے سوا کچھ نہیں دیا، پوری پارلیمان کا منظور شدہ بل درست نظر نہ آنا سمجھ سے بالاتر ہے۔
ملک کا صدرپارلیمان کی نفی کرنے پرمجبورہے، نیب نے ملکی معیشت کوتباہ کیا، لوڈشیڈنگ میں بہت حد تک کمی آئی ہے، تیل کی خرید سے متعلق معاملے کو دیکھ رہے ہیں، عمران خان کو تھریٹ آئی ہے حکومت اس کا سامنا کرے گی، عمران خان کو پہلے بھی تھریٹ آئی ان کے ثبوت نہیں ملے، رانا ثنااللہ عمران خان کو تحفظ فراہم کریں گے۔