سری لنکا کے سابق کرکٹر روشن ماہنامہ نے دارالحکومت کولمبو میں پیٹرول کے لیے کئی گھنٹوں سے لمبی قطار میں لگے لوگوں کو بن اور چائے پیش کی جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر زرِ گردش ہیں۔
سری لنکا ان دنوں بدترین مالی بحران کا شکار ہے اور ملک میں غذائی اشیا سمیت دیگر سہولیات کا بحران ہے۔
اسی حوالے سے حکومت نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں ذخیرہ کیا گیا ایندھن آئندہ 5 روز میں ختم ہوجائے گا، حکومتی اعلان کے بعد شہریوں کی بڑی تعداد نے پیٹرول پمپس کا رخ کیا جس سے پمپس پر طویل قطاریں لگ گئیں۔
ایسے میں سابق کرکٹر روشن ماہنامہ لوگوں کے لیے کسی مسیحا سے کم ثابت نہ ہوئے، انہوں نے تھکے ہارے اور بھوکے پیاسے لوگوں کے لیے چائے اور بن تیار کرنے کا فیصلہ کیا۔