آسٹریلیا کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز کو پاکستان کے باربی کیو کی یاد ستانے لگی۔ پیٹ کمنز ان دنوں آئی پی ایل کھیلنے کے لیے بھارت میں موجود ہیں جہاں انہوں نے سوشل میڈیا صارفین سے ممبئی میں اچھی ڈش کے حوالے سے مشورہ مانگا۔
ایک صارف نے انہیں پاکستان آکر لذیذ کھانوں سے لطف اندوز ہونے کا مشورہ دیا جس پر پیٹ کمنز نے جواب میں پاکستان میں کھائے گئے باربی کیو کی تعریف کی۔
آسٹریلوی کپتان نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ دورہ پاکستان میں ٹیم کے ساتھ بار بی کیو بہت اچھا تھا۔
یاد رہے کہ آسٹریلیا نے رواں برس مارچ میں تین ٹیسٹ میچز اور ایک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کے لیے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔
ٹیسٹ سیریز کے دوران مہمان کھلاڑیوں کے لیے باربی کیو پارٹی کا اہتمام کیا جاتا رہا، مہمان کھلاڑیوں کو روزانہ کی بنیاد پر بھی باربی کیو کی سہولت دستیاب تھی۔