خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق سابق باکسر کی جانب سے دوران پرواز مسافر کی پٹائی کرنے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر سان فرانسسکو کی پولیس نے معاملے کی تفتیش شروع کردی۔
رپورٹ کے مطابق مائیک ٹائسن کے ترجمان نے بتایا کہ باکسر نے سان فرانسسکو ایئرپورٹ پر فلوریڈا کے لیے اڑان بھرنے کو تیار طیارے میں اپنے قریب بیٹھے ایک شخص کی اس وقت پٹائی کی جب مذکورہ شخص نے بار بار مائیک ٹائسن کا مذاق اڑایا۔
امریکی شوبز ویب سائٹ ’ٹی ایم زیڈ‘ کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طیارے میں موجود شخص مائیک ٹائسن کو قریب بیٹھا دیکھ کر خوشی سے پاگل ہوگیا اور باکسر کے حوالے سے باتیں کرنے لگا۔
رپورٹس کے مطابق مداح کی جانب سے بار بار مذاق کیے جانے اور مبینہ طور پر مائیک ٹائسن کی جانب پانی کی خالی بوتل پھینکے جانے کے بعد باکسر نے اس کی پٹائی کردی۔
ٹی ایم زیڈ نے مائیک ٹائسن کی جانب سے مداح کی پٹائی کرنے کی ویڈیو بھی شیئر کی گئی جو دیکھتے ہی دیکھتے دنیا بھر میں وائرل ہوگئی۔
وائرل ہونے والی ویڈیو میں مائیک ٹائسن کو پوری طاقت کے ساتھ مداح کی پٹائی کرتے دیکھا جا سکتا ہے جب کہ بعد ازاں مداح کے چہرے کو خون سے لت پت بھی دیکھا گیا۔
اکسر کی جانب سے مداح کی پٹائی کرنے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے، تاہم فوری طور پر کوئی بڑی پیش رفت نہیں ہو سکی اور مار کھانے والے مداح کی طبیعت خطرے سے باہر ہے۔
مائیک ٹائسن نے 20 سال کی عمر میں 1986 میں ٹریور بیربیک کو شکست دے کر کم عمر ترین ہیوی ویٹ چمپیئن بننے کا ریکارڈ قائم کیا تھا۔
آئرن مائیک نے اپنے شان دار کیریئر میں 58 پروفیشنل مقابلوں میں 50 مرتبہ کامیابی سمیٹی اور 2005 میں کیون مک برائیڈ سے شکست کے بعد باکسنگ کو خیرباد کہہ دیا تھا۔
تاہم نومبر 2020 میں مائیک ٹائسن نے ریسلنگ رنگ میں واپسی کی تھی اور واپسی پر انہوں نے پہلی فائٹ جوئے جونز سے کی تھی۔