رضوان کے لیے 2021 کا سال انتہائی یادگار رہا اور وہ ٹی20 کرکٹ میں ایک سال کے دوران 2ہزار سے زائد رنز بنانے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے۔
انہوں نے 45 اننگز میں 56.55 کی اوسط سے 2ہزار 65رنز بنائے۔
اس کے علاوہ رضوان ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک سال کے دوران ایک ہزار سے زائد رنز بنانے والے بھی دنیا کے پہلے کرکٹ بن گئے، انہوں نے 73.66 کی اوسط سے ایک ہزار 326رنز اسکور کیے۔
محمد رضوان نے گزشتہ سال نیوزی لینڈ کے خلاف نصف سنچری کے بعد جنوبی افریقہ کے خلاف سنچری بناکر 2021 کا یادگار انداز میں آغاز کیا تھا۔
پاکستان سپر لیگ میں بھی عمدہ کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھا اور اپنی ٹیم کو 2021 میں لیگ کا چیمپیئن بنوانے میں بھی مرکزی کردار ادا کیا۔
اس کے بعد زمبابوے اور جوبی افریقہ کے دوروں میں بھی ان کا بہترین کھیل جا ری رہا جہاں انہوں نے نصف سنچریاں اسکور کی۔
ٹی20 ورلڈ کپ میں بھی رضوان نے کپتان بابر کے ساتھ مل کر پاکستان بیٹنگ لائن کا بوجھ سنبھالا اور بھارت کے خلاف میچ میں شاندار نصف سنچری کی بدولت اپنی ٹیم کو 10 وکٹوں کی یادگار فتح سے ہمکنار کرا دیا۔
صرف یہی نہیں بلکہ رضوان نے طبیعت انتہائی خراب ہونے کے باوجود بھی آسٹریلیا کے خلاف سیمی فائنل میچ میں بہترین باری کھیلی اور نصف سنچری اسکور کی تھی۔