ڈربی میں سسیکس کے خلاف میچ میں جب پہلے روز کا کھیل ختم ہوا تو ڈربی شائر نے مجموعی طور پر 2 وکٹوں کے نقصان پر 327 بنالیے تھے جبکہ 32 سالہ بائیں ہاتھ کے اسٹائلش بلے باز شان مسعود 201 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ تھے۔
پاکستانی اسٹار بلے باز شان مسعود نے 271 گیندوں پر 22 چوکوں کی مدد سے 201 رنز بنائے ہیں۔
شان مسعود نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے 25 ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں، اپنے کیریئر کے بہترین 156 رنز کے ساتھ وہ ان دنوں انگلش ٹورنامنٹ میں بھرپور فارم میں نظر آرہے ہیں۔
گزشتہ ہفتے مڈل سیکس کے خلاف ڈربی شائر کے افتتاحی میچ میں انہوں نے 91 اور 62 رنز بنائے تھے۔
شان مسعود نے سسیکس کے خلاف وین میڈسن کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے 236 رنز کی ریکارڈ پارٹنرشپ بھی بنائی تھی، وین میڈسن میچ کے اختتام پر 88 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے تھے۔
سسیکس کی جانب سے بالنگ کرتے ہوئے اسٹیون فن کے سوا کوئی بھی بالر مخالف بلے بازوں کو مستقل دباؤ میں لانے میں ناکام رہا اور اس صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے شان مسعود نے صرف 60 گیندوں پر 50 بنالیے تھے۔
کھانے کے وقفے تک پاکستانی اسٹار بلے باز 88 گیندوں پر 74 رنز بنا کر ناقابل شکست تھے، کھانے کے بعد وکٹ کے دونوں جانب لگاتار شاندار اسٹروک کھیل کر شان مسعود نے اپنی سنچری مکمل کی۔
دن کے آخری سیشن میں ان کی جانب سے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رہا اور وہ 191 گیندوں پر 150 تک پہنچ گئے تھے۔
سسیکس ٹیم میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کپپر بلے باز محمد رضوان اور ہندوستان کے چیتشور پجارا بھی شامل ہیں، یہ ایک نادر موقع ہے جبکہ پاکستانی اور ہندوستانی کرکٹرز کسی ایک ہی ٹیم کی نمائندگی کر رہے ہیں۔