ورچوئل میڈیا کانفرنس میں ثقلین مشتاق نے کہا ہے کہ گزشتہ 15 سال میں غیر ایشیائی ٹیموں نے اسپنرز کا بہتر انداز میں سامنا کرنے کے لیے اچھا ہوم ورک کیا ہے، انگلینڈ میں تو مصنوعی اسپن پچز بھی تیار کی گئیں، جو روٹ بھارت جبکہ عثمان خواجہ، اسٹیون اسمتھ اور ٹریوس ہیڈ نے پاکستان میں بہت اچھی تکنیک کے ساتھ بیٹنگ کرکے خوب رنز بنائے۔
ثقلین مشتاق نے کہا کہ اب ماضی جیسی صورتحال نہیں مگر میں اسے پاکستانی اسپنرز کی کارکردگی توقعات کے مطابق نہ ہونے کا جواز بنا کر پیش نہیں کر رہا، ہمیں اس شعبے میں کام کرنے کی ضرورت ہے اور فراغت کے وقت میں اس کیلیے بھرپور پلان بھی تیار کریں گے۔
انھوں نے کہا کہ میں کسی کو بھی پارٹ ٹائم بولر کہنے کے حق میں نہیں ہوں، آل راؤنڈرز سے بھی کہتا ہوں کہ کسی ایک شعبے پر لازمی بھرپور توجہ دیں۔ اس کے لیے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں پورا ایک دن مختص بھی کرتا رہا جس میں ان کو صرف بولنگ یا بیٹنگ کیلیے کہا جاتا تھا۔
ثقلین مشتاق نے کہا کہ ون ڈے سیریز میں پہلا میچ ہارنے کے بعد ٹیم میٹنگ میں کھلاڑیوں نے نیا عزم کیا، دوسرے میچ میں بڑا اسکور ہوا تو وہ گھبراہٹ کا شکار نہیں ہوئے، سب ایک دوسرے کی آنکھوں میں دیکھ کر بات کر رہے تھے کہ آج یہ ہدف حاصل کرکے تاریخ رقم کرنا ہے۔ اسی جذبے کی وجہ سے کامیابی بھی حاصل ہوئی۔
ہیڈ کوچ نے کہا کہ تیسرے میچ میں گرین شرٹس ذہنی اور تکنیکی طور پر اپنا ہوم ورک مکمل کر چکے تھے اس لیے حریف کو دونوں شعبوں میں آؤٹ کلاس کردیا،میں ہمیشہ کہتا ہوں کہ فتح حاصل ہوتی ہے یا آپ شکست سے سبق سیکھتے ہیں،مجھے فخر ہے کہ کھلاڑیوں نے اس سوچ کو اپنا رکھا ہے،ان میں اتنی صلاحیت ہے کہ دنیا کی کسی بھی ٹیم کو شکست دے سکیں۔