خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی)نے بیان میں کہا کہ ٹیم کا متحدہ عرب امارات میں ٹریننگ کیمپ جاری ہے جس کے لیے یونس خان اور عمر گل کو کنسلٹنٹ مقرر کردیا گیا ہے۔
اے سی بی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ یونس خان اور عمر گل گل کو دورہ متحدہ عرب امارات کے لیے کوچنگ کنسلٹنٹ مقرر کردیا گیا ہے۔
اے سی بی کے چیف ایگزیکٹیو نصیب خان کا کہنا تھا کہ ‘یونس خان اور عمر گل کے پاس بین الاقوامی کرکٹ وسیع تجربہ ہے اور مجھے امید ہے کہ ہمارے لڑکے بیٹنگ اور باؤلنگ کے شعبوں میں جو مسائل ہیں اس پر قابو پالیں گے’۔
? ANNOUNCEMENT ?
Younis Khan and Umar Gul Named as our National Team’s Coaching Consultants for the UAE Tour
Read More ▶️ https://t.co/TeaDjRWtoe#AfghanAtalan pic.twitter.com/imvXMmcejA
— Afghanistan Cricket Board (@ACBofficials) April 2, 2022
خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز یونس خان نے 2017 میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا اور اس کے بعد کوچنگ کیریئر کا آغاز کیا تھا۔
یونس خان مختصر عرصے کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچنگ رہے۔
سابق فاسٹ باؤلر عمر گل نے 2020 میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے باؤلنگ کوچ کے طور کام شروع کیا اور حالیہ ایونٹ میں بھی وہ مذکورہ ٹیم کے باؤلنگ کوچ رہے۔
قبل ازیں اے سی بی نے انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے سابق بلے باز گراہم تھارپ کو ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا تھا، جنہوں نے جنوبی افریقہ کے لانس کلوزنر کی جگہ لی۔
واضح رہے کہ افغانستان کی کرکٹ ٹیم بین الاقوامی سطح پر آنے والی شیڈول میچوں کی تیاری کے لیے اس وقت متحدہ عرب امارات میں ٹریننگ میں مصروف ہے۔