معروف فٹبالر کلیرنس سیڈورف نے اسلام قبول کر لیا

کلیرنس سیڈورف
چیمپئنز لیگ کی تاریخ میں تین مختلف کلبز اے سی ملان، ریال میڈرڈ اور ایجیکس کے ساتھ ٹرافی جیتنے والے واحد فٹبالر کلیرنس سیڈورف نے اسلام قبول کر لیا۔

سیڈورف نے اسلام قبول کرنے کی اطلاع اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کے ذریعے دی، انہوں نے اہلیہ صوفیہ کے ہمراہ تصویر شیئر کی اور لکھا کہ میرے دائرہ اسلام میں شامل ہونے کی خوشی میں، مجھے موصول ہونے والی تمام نیک خواہشات اور اچھے پیغامات کا خصوصی شکریہ۔

کلیرنس سیڈورف نے کہا کہ میں دنیا بھر میں اپنے تمام مسلمان بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ شامل ہونے پر بہت خوش ہوں، خاص طور پر میری پیاری بیوی صوفیہ، جنہوں نے مجھے اسلام کا مفہوم اچھی طرح سے سمجھایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں نے اپنا نام تبدیل نہیں کیا اور نا ہی کروں گا، میں اسے ایسے ہی رہنے دوں گا کیونکہ میرے والدین نے میرے لیے کلیرنس نام کا انتخاب کیا۔

دوسری جانب فٹبالر کی اہلیہ صوفیہ نے بھی انسٹاگرام پر اپنے شوہر کے لیے خصوصی پوسٹ شیئر کی جس میں اُنہوں نے کہا کہ مجھے بہت خوشی اور فخر ہے کہ میں اپنی محبت (سیڈورف) کے اس خاص اور خوبصورت لمحے کا حصہ ہوں۔

صوفیہ نے پوسٹ میں سیڈورف کو دینِ اسلام میں خوش آمدید کہا اور لکھا کہ آپ ہمیشہ خوش رہیں اور دنیا کو متاثر کرتے رہیں۔

Whats-App-Image-2020-08-12-at-19-14-00-1-1
upload pictures to the internet