راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز عثمان خواجہ اور ڈیوڈ وارنر نے اننگز کا آغاز کیا اور کھانے کے وقفے تک بغیر کسی نقصان پر 138 رنز بنالئے۔
جس کے بعد ڈیوڈ وارنر ساجد خان کے ہاتھوں 68 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے جس کے بعد عثمان خواجہ بھی 97 رنز بنانے کے بعد نعمان علی کی گیند پر امام الحق کا شکار بنے۔ دونوں نے 165 رنز کی شراکت داری قائم کی۔
آسٹریلیا کے کھلاڑی مارنوس اور اسٹیو اسمتھ نے اسکور کو آگے بڑھایا اور مجموعی 245 سے زائد رنز بنالئے۔
گزشتہ روز کنگروز کی پہلی اننگز میں بیٹنگ جاری تھی اور بغیر کسی نقصان 5 رنز بنالیے تھے تاہم خراب روشنی کی وجہ سے کھیل ختم کردیا گیا۔
پنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز کھیل کا آغاز ہوا تو پاکستان نے 1 وکٹ کے نقصان پر 245 بنارکھے تھے۔ پاکستانی بلے بازوں کی آسٹریلیا کے خلاف شاندار بلے بازی کا سلسلہ آج بھی جاری رکھا، سابق کپتان اظہر علی نے 15 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 185 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان کی دوسری وکٹ 313 رنز پر گرگئی اور اوپنر امام الحق 157 رنز بناکر پیٹ کمنز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ اظہر علی اور امام الحق نے 208 رنز کی شراکت داری کی۔
پاکستان نے چائے کے وقفہ تک 2 وکٹوں پر 394 رنز بنائے۔ وقفے کے بعد کپتان بابر اعظم 36 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے۔ پاکستان نے پہلی اننگز 4 وکٹوں پر 476 رنز بنا کر ڈیکلیئر کردی۔ نتھن لائن ، پیٹ کمنز اور مارنوس لابو شین نے ایک ایک وکٹ لی۔
آج پاکستان ٹیم میں تین کھلاڑیوں کی واپسی ہوگئی ہے۔ حارث رؤف کورونا رپورٹ منفی آنے پر جبکہ فہیم اشرف اور حسن علی بھی تین دن قرنطینہ مکمل کرکے ٹیم میں شامل ہوگئے۔
قومی ٹیم نے پہلے روز 1 وکٹ کے نقصان پر 245 رنز بنائے۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں آسٹریلیا کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
اوپنر امام الحق اور عبداللہ شفیق نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 105 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم کھانے وقفے سے ایک اوور قبل نتھین لائن نے پیٹ کمنز کے ہاتھوں عبداللہ شفیق کو 44 کے انفرادی اسکور پر پویلین بھیج دیا۔
اوپنر امام الحق نے شاندار بلےبازی کا سلسلہ جاری رکھا اور کیرئیر کی پہلی ٹیسٹ سنچری اسکور کی، وہ 15 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 132 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ اظہر علی نے انکا بھرپور ساتھ دیا اور 64 رنز بنائے۔
آسٹریلیا کی جانب سے واحد وکٹ نتھین لائن نے حاصل کی۔ اس سے قبل ٹاس جیت کر پاکستان کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ وکٹ دیکھنے میں بہت اچھی لگ رہی ہے اور اسکور بورڈ پر بڑا ٹوٹل سجانے کی کوشش کریں گے، وکٹ آخری دنوں میں اسپینرز کے لیے سازگار ہوسکتی ہے۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا کی ٹیم 24 سال بعد پاکستان کے تاریخی دورے پر ہے۔ پاکستان اورآسٹریلیا کے درمیان 3میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 4 سے 8 مارچ تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ آسٹریلین ٹیم دورہ پاکستان کے دوران 3 ٹیسٹ، 3 ون ڈے اور ایک ٹی 20 میچ کھیلے گی۔