آسٹریلیا کی پہلی اننگز میں بیٹنگ جاری تھی اور اس نے بغیر کسی نقصان کے 5 رنز بنالیے تھے کہ خراب روشنی کی وجہ سے کھیل ختم کردیا گیا۔
پاکستانی بلے بازوں کی آسٹریلیا کے خلاف شاندار بلے بازی کا سلسلہ آج بھی جاری رہا۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیل کے دوسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز 245 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ پر کیا۔
پاکستانی بیٹرز امام الحق اور اظہر علی دوسرے روز کے پہلے سیشن میں بھی آسٹریلوی بولرز پر حاوی نظر آئے اور اسی دوران امام الحق نے 150 رنز مکمل کیے۔
کھانے کے وقفے کے بعد کھیل کا دوبارہ آغاز ہوا تو اظہر علی نے بھی 8 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 19 ویں سنچری مکمل کی۔
پاکستان کی دوسری وکٹ 313 رنز پر گری جب امام الحق 157 رنز بنا کر پیٹ کمنز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔
پاکستان کی تیسری وکٹ 414 رنز پر گری اور قومی کپتان بابراعظم 36 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔
بابر کے بعد 444 کے مجموعے پر پاکستان نے چوتھی وکٹ گنوائی، امام کی طرح اظہر علی بھی ڈبل سنچری نہ کرسکے اور 185 رنز پر کیچ دے بیٹھے۔
بعد ازاں پاکستان نے 476 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈکلیئر کردی۔پاکستان نے اننگز ڈکلیئر کی تو محمد رضوان 29 اور افتخار احمد 13 رنز بناکر ناٹ آؤٹ تھے۔ آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن لیون، پیٹ کمنز اور مارنس لبوشانگے نے ایک ایک وکٹ لی۔
آسٹریلیا کی پہلی اننگز میں بیٹنگ جاری تھی اور اس نے بغیر کسی نقصان کے 5 رنز بنالیے تھے کہ خراب روشنی کی وجہ سے کھیل ختم کردیا گیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے عثمان خواجہ 5 اور ڈیوڈ وارنر بغیر کوئی رن بنائے وکٹ پر موجود ہیں۔