پی ایس ایل 7 میں ملتان سلطانز کی کارکردگی شاندار رہی ہے۔ محمد رضوان کی قیادت میں ملتان سلطانز نے 10 میں سے 9 میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔ اس طرح ملتان کی ٹیم کسی ایک پی ایس ایل ایڈیشن کے گروپ مرحلے میں سب سے زیادہ میچ جیتنے والی ٹیم بھی بن گئی۔
ملتان کو اس سیزن میں واحد شکست لاہور قلندرز کے ہاتھوں ہی اٹھانا پڑی۔ دونوں ٹیمیں اس ایڈیشن میں دو بار مدمقابل آئیں۔ ایک بار جیت ملتان سلطانز کو ملی جب کہ ایک میچ لاہور قلندرز نے اپنے نام کیا۔
پی ایس ایل میں اب تک دونوں ٹیمیں 11 بار ایک دوسرے کے سامنے آ چکی ہیں۔ 11 میں سے 6 بار ملتان سلطانز کی ٹیم کامیاب رہی جب کہ 5 میچوں میں لاہور قلندرز نے کامیابی حاصل کی۔
آج کا میچ جو ٹیم جیتے گی وہ فائنل میں جگہ بنائے گی جب کہ ہارنے والی ٹیم کو ایک موقع اور ملے گا۔ ہارنے والی ٹیم، ایلیمینینٹر ون کی فاتح ٹیم سے فائنل تک رسائی کے لیے میچ کھیلے گی