ویو رچرڈز نے جیو سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ ٹیم سے کہا ہے کہ اچھے برے دن ہوتے ہیں، ابھی اچھا نہیں ہو رہا، مگر کم بیک کریں گے، سرفراز احمد کی شخصیت پسند ہے، وہ میرے دل کے قریب ہیں، سرفراز احمد میں اپنے اہداف حاصل کرنے کی صلاحیتیں موجود ہیں، میری طرح سرفراز بھی اپنے جذبات ظاہر کردیتے ہیں۔
رچرڈز کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ میں دنیا کا بہترین فاسٹ بولنگ ٹیلنٹ نظر آتا ہے اور مقابلے کے معیار کے حساب سے یہ دنیا کی بہترین لیگز میں سے ایک ہے۔
ویسٹ انڈیز کے لیجنڈ کرکٹر نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے موجودہ کپتان بابر اعظم، سابق کپتان سرفراز احمد اور ابھرتے ہوئے بیٹر اعظم خان کی صلاحیتوں پر بھی گفتگو کی اور امید ظاہر کی کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم جلد فارم میں واپس آجائے گی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے موجودہ کپتان بابر اعظم کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے عہد کے ٹاپ بیٹر ویو رچرڈز نے کہا کہ بابر اعظم بلاشبہ بہترین کرکٹر ہیں ان کا کھیل ایسا ہے جیسا باکسنگ میں محمد علی کا تھا، وہ آپ کو گھاؤ دیتا ہے، تھکاتا ہے، اس کو کھیلتا دیکھ ہر کسی کو لطف آتا ہے۔
ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد کو وہ ہمیشہ سے پسند کرتے ہیں اور وہ ان کے دل کے قریب ہیں، سرفراز احمد اپنے جذبات نہیں چھپاتا ، وہ ٹیم میں جس انداز سے جان ڈالتا ہے، جوش ڈالتا ہے وہ قابل دید ہے۔
ویو رچڑدز نے بتایا کہ ان کی سرفراز احمد سے گفتگو ہوئی اور انہوں نے سرفراز احمد کو کہا کہ وہ ایک ایسے پلیئر ہیں جو اپنا ہدف حاصل کرنا جانتے ہیں اور ان میں وہ تمام صلاحیتیں موجود ہیں جو کامیاب ہونے کے کیلئے درکار ہیں۔
سرفراز احمد کی واپسی کے بارے میں بات کرتے ہوئے رچڑدز نے کہا کہ اچھے اور برے دور کا آنا ہر پلیئر کے کیریئر کا حصہ ہے، سرفراز کیلئے ضروری ہے کہ وہ وہی کرتا رہے جو گزشتہ کئی برس سے کرتا آیا ہے۔ رچرڈز نے امیدظاہر کی کہ سرفراز احمد جلد اپنی فارم حاصل کریں گے اور وہی سرفراز بن کر دکھائیں جو ان کی نظر میں سرفراز احمد بن سکتے ہیں۔
ضروری نہیں کہ ہر پلیئر جسمانی طور پر ایسا ہی ہو جیسا لوگ چاہتے ہیں
اپنے عہد کے کامیاب ترین بیٹر نے کہا کہ انہیں نوجوان اعظم خان کو ترقی کرتا دیکھ کر بھی بہت اچھا لگا، اس عمر میں جس انداز سے اعظم کھیلتا ہے، اس کو دیکھ کر یوں لگتا ہے کہ وہ کافی تجربہ کار پلیئر ہے۔
رچرڈز نے اعظم کی فٹنس پر ہونیوالے تنقید پر کہا کہ ضروری نہیں کہ ہر پلیئر جسمانی طور پر ایسا ہی ہو جیسا لوگ چاہتے ہیں، پال اسٹرلنگ، ریکم کورن وال جیسے پلیئر بھی موجود ہیں، اہم بات یہ ہے کہ کوئی کھلاڑی اپنی ذمہ داری کیسے نبھاتا ہے۔
ایک سوال پر ویو رچرڈز نے کہا کہ وہ ایک بار پھر پاکستان آکر کافی خوش ہیں، اس جگہ سے انہیں ہمیشہ لگاؤ رہا ہے، کوئٹہ کی ٹیم میں بہت زبردست ماحول ہے، ٹیم کے اونرز، ٹیم کے دیگر اراکین کافی اچھا ماحول بنائے رکھتے ہیں۔
ٹیم کے مینٹور نے کہا کہ یہ بات درست ہے کہ ٹیم کا آغاز ویسا نہیں ہوا جیسا چاہتے تھے، ٹیم کو کہا ہے کہ اچھا برا وقت آتا ہے، گزر جاتا ہے، ٹیم ابھی برے وقت میں ضرور ہے مگر آؤٹ نہیں ہوئی، گلیڈی ایٹرز کے پاس ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو ٹیم کو اس صورتحال سے باہر نکال سکتے ہیں اور امید ہے وہ ایسا جلد کریں گے۔
پاکستان سپر لیگ کے معیار کی تعریف کرتے ہوئے ویو رچرڈز نے کہا کہ یہ دنیا کی بہترین لیگز میں سے ایک ہے، اس کا معیار کافی اوپر ہے کیوں کہ یہاں دنیا کے بہترین فاسٹ بولرز ملتے ہیں، پی ایس ایل سے پاکستان کے نوجوان ٹیلنٹ کی بھی بہترین نشونما ہوئی ہے اور امید ہے یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ دنیا بھر میں جتنی بھی لیگز ہورہی ہیں اگر ان تمام میں مقابلے کا رحجان دیکھیں تو اس حساب سے پی ایس ایل سب سے بہتر ہے۔