سلمان بٹ کی تنقید پر سرفراز کے جواب کے بعد نیا معاملہ سامنے آگیا

 سلمان بٹ کی تنقید پر سرفراز کے جواب کے بعد نیا معاملہ سامنے آگیا
پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ قومی ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ کے بیان پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔

گزشتہ دنوں پی ایس ایل کے ایک میچ پر تبصرہ کرتے ہوئے سلمان بٹ نے سرفراز احمد، ان کے انداز قیادت اور کارکردگی کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
پشاور زلمی کے ہاتھوں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی شکست پر تبصرہ کرتے ہوئے سلمان بٹ نے سرفراز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہی جواب دیں کیونکہ پچھلا سیزن بھی آپ ہی ہارے تھے، ٹیم بھی آپ کے مشورے سے بنتی ہو گی۔

ان کا کہنا تھا کہ سرفراز کے ردعمل پر کسی کی بھی اچھی سوچ نہیں بن رہی اور صرف تنقید ہی ہو رہی ہے، جس طرح کا ردعمل وہ دیتے ہیں، جس طرح سے وہ بات کرتے ہیں، حقیقتاً وہ بات نہیں کرتے وہ چیختے ہیں اور وہ مشورہ نہیں دیتے بلکہ اپنا آپ تھوپتے ہیں۔

سلمان بٹ نے کہا کہ پچھلے میچ میں نسیم شاہ انہیں ایک جگہ فیلڈر لینے کے لیے کہہ رہا تھا لیکن سرفراز نے اشارہ کیا کہ فیلڈر مجھے لینا ہے، یعنی جو میں کہہ رہا ہوں وہ کرو، آپ ہمیشہ سب کے ساتھ ایسا نہیں کر سکتے۔

انہوں نے کہا کہ سرفراز پاکستان سپر لیگ کے پہلے سیزن سے گلیڈی ایٹرز کے کپتان ہیں تو آپ کے بغیر تو کچھ بھی نہیں ہوتا ہو گا، وہ اپنے لیے کوئی آسانی نہیں بلکہ مشکلات پیدا کررہا ہے جس کا ان کے پاس کوئی جواب نہیں ہو گا۔
سابق اوپننگ بلے باز نے وکٹ کیپر بلے باز کو مشورہ دیا کہ سرفراز کو چاہیے کہ اپنی کارکردگی پر توجہ دے اور پرفارمنس پر دھیان دے کیونکہ وہ پاکستان ٹیم کے ساتھ ایک ڈیڑھ سال سے بطور وکٹ کیپر سفر کررہے ہیں لہٰذا انہیں پرفارمنس کو خود دیکھنا چاہیے۔

سلمان بٹ نے کہا کہ سرفراز کو چاہیے کہ وہ دوسرے کھلاڑیوں کو ریلیکس کریں تو وہ تمام اپنی کارکردگی پر خود توجہ دے سکیں گے، وہ ہر ایک کی جگہ پہنچے ہوئے ہیں اور اپنی جگہ خالی چھوڑی ہوئی ہے۔
سلمان بٹ کے اس بیان پر سرفراز احمد نے شدید ردعمل دیتے ہوئے 2010 کے اوول ٹیسٹ میں سابق اوپنر کی اسپاٹ فکسنگ کا حوالہ دیا۔

سرفراز نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ پاکستان کو آن ڈیوٹی بیچنے والا فکسر جب نیت پر بھاشن دے گا تو پھر اللہ ہی حافظ ہے۔

یاد رہے کہ پی ایس ایل سیزن 7 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اوسط درجے کی کارکردگی خصوصاً سرفراز کے انداز قیادت اور پرفارمنس کی وجہ سے انہیں شدید تنقید کا سامنا ہے۔

واضح رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم ملتان سلطانز کے خلاف 175 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی تھی اور پھر پشاور زلمی کے خلاف بھی گلیڈی ایٹرز کے باؤلرز 191 رنز کے ہدف کا دفاع نہیں کر سکے تھے۔

ملتان سلطانز کے خلاف میچ میں سرفراز کی اپنی کارکردگی بھی واجبی رہی تھی اور وہ صرف 23 گیندوں پر 21 رنز بنا سکے تھے۔

Whats-App-Image-2020-08-12-at-19-14-00-1-1
upload pictures to the internet