رومان رئیس نے بتایا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ سے ان کی جذباتی وابستگی ہے اس وجہ سے انہوں نے ذہن بنایا ہوا تھا کہ کوئی بھی پلیئر کی وکٹ ہو ، وہ ٹیم کے احترام میں سیلبریٹ نہیں کریں گے۔
رومان رئیس نے کہا کہ وہ جس ٹیم کیخلاف میدان میں تھے ، 6 سال اسکا حصہ رہے ہیں، اس ٹیم نے ان کا کیریئر بنانے میں اہم کردار ادا کیا اور زندگی کے اتار چڑھاؤ میں ساتھ کھڑی رہی اس لیے احترام میں وکٹ کو سیلبریٹ نہیں کیا۔
رومان رئیس نے کہا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے مجھے بطور ایمرجنگ پلیئر اٹھایا تھا اور بعد میں اس کی قیادت کا بھی موقع ملا، جب انجرڈ ہوا تب بھی ٹیم نے ساتھ دیا اور کرکٹ سے دور ہوا تو ٹیم نے بطور بولنگ کنسلٹنٹ ڈریسنگ روم میں رہنے کا موقع دیا اس لیے دل میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا بہت احترام ہے اور یہی وجہ تھی کہ سیلبریٹ نہیں کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پروفیشنل ازم اپنی جگہ پر موجود تھی ، جس ٹیم کیلئے کھیل رہے تھے اس کیلئے اپنا سو فیصد دیا لیکن اسلام آباد کیلئے جو جذباتی وابستگی اور احترام تھا اس کا بھی خیال رکھا۔
واضح رہے کہ رومان رئیس نے میچ میں شاداب خان کی وکٹ حاصل کی، شاداب خان نے 91 رنز کی اننگز کھیلی اور وہ میچ تقریباً ملتان سلطانز کے ہاتھ سے چھین چکے تھے، شاداب کی وکٹ نے ہی ملتان کو میچ میں واپسی اور پھر فتح کا موقع دیا۔