شاہنواز دھانی کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ میں سب کہتے تھے کہ شاہنواز دھانی ہماری ٹیم کا وزیر خارجہ ہے۔ میں ورلڈکپ میں بھی کافی کرکٹرز سے ملا۔ ایم ایس دھونی اور راشد خان سے بھی ملا۔
ان کا کہنا تھا کہ جو بھی ٹیم ہارتی تھی میں ان کے کھلاڑیوں سے جا کر ملتا تھا۔ اگر موقع ملا تو ضرور پاکستان کا وزیر خارجہ بنوں گا۔
پی ایس ایل کے آفیشل ٹوئٹر اکاونٹ سے شاہنوازدھانی کا ایک انٹرویو شیئر کیا گیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل ہو یا پاکستان کی نمائندگی میں اسی مسکراہٹ کے ساتھ کرکٹ کھیلتا ہوں۔
انہوں نے کہا ہے کہ کرکٹر کی زندگی میں اونچ نیچ آتی رہتی ہے لیکن میں ہمیشہ اسی مسکراہٹ کے ساتھ کرکٹ کھیلوں گا کیونکہ لوگ مجھے ایسے ہی پسند کرتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ اپنے علاقے کے بچوں کے لیے اکیڈمی اور گراونڈز کھولنے کا پلان بنایا ہے تاکہ ٹیلنٹڈ بچے آگے آ کر ملک کا نام روشن کرسکیں۔ پی ایس ایل نئے آنے والے کھلاڑیوں کے لیے زبردست پلیٹ فارم ہے جہاں انہیں پرفارم کرنے کا پورا موقع ملتا ہے۔
اپنے منفرد انداز کی وجہ سے شہرت پانے والے شاہنواز دھانی کا کہنا ہے کہ اس بار بھی پی ایس ایل میں جشن منانے کا نیا انداز دیکھنے کو ملے گا اور مداح اس کو ضرور پسند کریں گے۔