
محکمہ موسمیات نے نیو انگلینڈ میں بھی طوفان کا خدشہ ظاہر کیا ہے ،مشرقی امریکا میں شدید برف باری کے باعث مصروف ترین ایئر پورٹس پر پانچ ہزار سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
ریاست نیو ہیمپشائر، ورمونٹ، میسا چیوسیٹس، رہوڈز آئی لینڈ، کنیکٹیکٹ، نیویارک، نیو جرسی، ڈیلا ویئر، میری لینڈ اور ورجینیا کی ریاستوں میں برفانی طوفان کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔
بوسٹن اور واشنگٹن کے درمیان ریل سروس کو بھی محدود کر دیا گیا ہے، ورجینیا میں برفانی طوفان کی وجہ سے پچانوے شاہراہوں پر سینکڑوں ڈرائیور محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔
موسمیاتی ماہرین کے مطابق سرد اور گرم سمندری ہواؤں کے ملاپ سے فضا کا دباؤ تیزی سے گرنے کے باعث بم جیسے اثرات کا حامل طوفان آئے گا۔
امریکی نیشنل ویدر سروس کی جانب سے جاری ہدایات میں عوام سے کہا گیا ہے کہ صرف ضروری صورت میں ہی سفر کریں اور سردی سے بچاؤ کی کٹ اپنے ہمراہ رکھیں۔ طوفان میں پھنس جانے کی صورت میں اپنی گاڑی میں ہی رہیں۔



