تفصیلات کے مطابق انہوں نے یہ بات وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات کے دوران کہی، چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے سندھ میں کرکٹ کے بہترین ٹیلنٹ کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں کرکٹ کے بہترین کھلاڑی ہیں، حیدرآباد سے زاہدحسین جبکہ لاڑکانہ سےشاہنواز ڈاھانی ہیں، ہم سندھ میں مزیدٹیلنٹ تلاش کرینگے اور اس کے لئے دیہی علاقوں میں کرکٹ پروموٹ کرینگے۔
ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ میں حیدرآباد میں کرکٹ کو بحال کرنا چاہتا ہوں، حیدرآباد کا نیاز اسٹیڈیم توبہترین ہے صرف ہوٹل کامسئلہ ہے اس کے علاوہ مراد علی شاہ نے چیئرمین پی سی بی کو آگاہ کیا کہ سکھر میں ہم اسپورٹس کمپلیکس بنارہےہیں جہاں دو کرکٹ گراؤنڈز، فٹبال اور دیگر گراؤنڈٖ بھی ہونگے
وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کا کہنا تھا کہ ہماری خواہش ہے کہ پی سی بی کی ٹیکنیکل ٹیم سکھر اسپورٹس کمپلیکس کا دورہ کرے، ہم پی سی بی کی رہنمائی میں سکھر گراؤنڈ مزید بہتر کرینگے، جب کرکٹ کو فروغ ملے گا تومزیدٹیلنٹ آگےآئےگا۔
ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ اگر پی ایس ایل میں سندھ کی ٹیم کو شامل کیا گیا تو ہم سندھ کی ٹیم کواسپانسر کرنے کیلئے تیار ہیں۔
ملاقات میں جاوید قریشی ممبر بورڈ آف گورنر بھی شریک تھے، بعد ازاں وزیراعلیٰ سندھ نے رمیز راجہ کو شیلڈ، اجرک اور سندھی ٹوپی بھی پیش کی۔