سعودی حکام نے اندرون و بیرون ملک پروازوں سے متعلق اہم فیصلہ عوام کے سامنے پیش کردیا

سعودی شہزادہ محمد بن سلمان
سعودی حکومت نے گزشتہ روز مملکت کے کئی شہروں اور صوبوں میں نافذ کرفیو میں نرمی کا اعلان کیا تھا، تاہم مکہ مکرمہ میں جاری 24 گھنٹے کے کرفیو میں کوئی رعایت نہیں برتی جا رہی۔

وزارت داخلہ کی جانب سے گزشتہ روز کی نیوز کانفرنس میں بتایا گیا ہے کہ مملکت میں کورونا وائرس کے مریضوں کی گنتی میں اضافہ ہو رہا ہے، اسی وجہ سے کاروباری و تجارتی سرگرمیوں پر عائد پابندیوں کی مُدت میں توسیع کی جا رہی ہے۔

سرکاری ملازمین گھروں سے ہی اپنی دفتری ذمہ داریاں انجام دیں گے۔ وزارت داخلہ کے مطابق تمام ٹرانسپورٹ سروسز بند رہیں گی، جن میں ٹرین، بس اور ٹیکسی سروس شامل ہیں، جبکہ بین الاقوامی اور اندرون ملک پروازیں بھی فوری طور پر شروع کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ البتہ تارکین وطن کی واپسی کے لیے آنے والی خصوصی پروازوں کو اُترنے کی اجازت دی جا رہی ہے۔

وزارت داخلہ نے مزید بتایا کہ مکہ مکرمہ میں حالیہ دنوں 24 گھنٹے کے لاک ڈاؤن کے باوجود کورونا کے سینکڑوں کیس رپورٹ ہوئے ہیں، اسی وجہ سے مکہ مکرمہ میں نافذ کرفیو میں کوئی نرمی نہیں کی جا رہی ہے۔ رمضان المبارک کے دوران ملک کے دیگر علاقوں میں نافذ کرفیو میں صبح نو بجے سے شام پانچ بجے تک کی نرمی دی گئی ہے۔ اس دوران لوگ خریداری کر سکتے ہیں اور اپنے اہم کام نمٹا سکتے ہیں۔

جبکہ پرچون فروشوں کو 13 مئی تک اپنی دُکانیں کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سعودی عرب میں ریکارڈ 1223 کیس سامنے آئے ہیں، جس نے حکام کو کورونا وائرس کے حوالے سے مزید موثر اقدامات اور حفاظتی تدابیر اختیار کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔ مملکت میں کورونا سے جاں بحق افراد کی گنتی 139 ہو گئی ہے۔

Whats-App-Image-2020-08-12-at-19-14-00-1-1
upload pictures to the internet