جنوبی افریقا کے سابق کپتان اے بی ڈی ویلیئرز نے تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔جارح مزاج بلے باز اے بی ڈی ویلیئرز نے سوشل میڈیا کے ذریعے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا جس کے بعد ان کا 18 سال سے زائد عرصے پر محیط ناقابل یقین کیرئیر ختم ہو گیا۔
اے بی ڈی نے ٹوئٹر پر لکھا، ’یہ ایک ناقابل یقین سفر رہا ہے لیکن میں نے تمام کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’اپنے گھر کے پچھلے صحن میں میرے بڑے بھائیوں کے ساتھ شروع ہونے والی کرکٹ سے لے کر آج تک میں نے یہ کھیل خالص لطف اور جوش کے ساتھ کھیلا ہے، اب 37 سال کی عمر میں، وہ شعلہ اب اتنا تیز نہیں جلتا ہے۔‘
ڈی ویلیئرز کے مطابق ’یہ وہ حقیقت ہے جسے مجھے قبول کرنا چاہیے اور ہو سکتا ہے یہ بہت اچانک لگے اسی لیے میں آج یہ اعلان کر رہا ہوں، میں نے اپنا وقت گزار لیا ہے اور کرکٹ میرے ساتھ غیر معمولی طور پر مہربان رہی ہے۔‘