بنگلا دیش کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کر دیا گیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے بنگلا دیش کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی کے لیے 12 رکنی ٹیم کا اعلان سوشل میڈیا پر کیا گیا ہے۔
پہلے ٹی ٹوئنٹی کے لیے قومی ٹیم کی کپتانی بابر اعظم کریں گے جبکہ شاداب خان قومی ٹیم کے نائب کپتان ہوں گے۔
دیگر کھلاڑیوں میں محمد رضوان، حیدر علی، فخر زمان، شعیب ملک، خوشدل شاہ، محمد نواز، حسن علی، محمد وسیم جونیئر، حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔
12 member squad for the first #BANvPAK T20I announced#HarHaalMainCricket pic.twitter.com/KqRv8eXQRV
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) November 18, 2021
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کھیلنے والی قومی ٹیم کے 3 کھلاڑی پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شامل نہیں ہیں، محمد حفیظ نے ٹورنامنٹ سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا جبکہ محمد آصف اور عماد وسیم کو پہلے میچ کے لیے آرام دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز 19 نومبر سے شروع ہوگی، دونوں ٹیموں کے تمام کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ منفی آ چکے ہیں اور گزشتہ روز دونوں ٹیموں نے پریکٹس بھی کی تھی۔