پاکستان کو 29 سال بعد آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی مل گئی۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اگلے 8 ایونٹس کے میزبانوں کا اعلان کردیا جس کے مطابق پاکستان 2025 میں چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرے گا۔
پاکستان نے آخری مرتبہ 1996 میں آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کی تھی اور اس وقت 50 اوورز کے ورلڈ کپ کے کچھ میچز پاکستان میں ہوئے تھے۔
2008 کی چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہونا تھی مگر حالات کی وجہ سے جنوبی افریقا منتقل ہوگئی تھی۔
آئی سی سی کے اعلان کے مطابق بھارت 2024 سے 2031 کے دوران تین آئی سی سی ایونٹس کی میزبانی کرے گا۔
2024کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہوگا۔ 2026 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی میزبانی بھارت اور سری لنکا کریں گے۔ 2027 میں جنوبی افریقا، زمبابوے، نمیبیا ون ڈے ورلڈ کپ کی میزبانی کریں گے۔
2028کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ہوگا جبکہ بھارت 2029 کی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی بھی کرے گا۔
انگلینڈ، آئرلینڈ اور اسکاٹ لینڈ 2030 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے مشترکہ میزبان ہوں گے جبکہ 2031 ون ڈے ورلڈ کپ کی مشترکہ میزبانی بھارت اور بنگلا دیش کریں گے۔