سابق کپتان شاہد آفریدی بھی محمد رضوان کی کارکردگی کے معترف ہوگئے۔ شاہد آفریدی گزشتہ روز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا فائنل دیکھنے کے لیے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کے ہمراہ دبئی اسٹیڈیم میں موجود تھے۔
میچ کے دوران اسٹیڈیم سے نکلتے ہوئے شاہد آفریدی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس دوران غیر رسمی گفتگو میں سابق کرکٹر نے آسٹریلیا کے ساتھ ساتھ محمد رضوان کی کارکردگی پر بھی بات کی۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ رضوان کو تو میں مان گیا ہوں مجاہد آدمی ہے، وہ بہت تگڑاہے، جس درد کے ساتھ رضوان نے کرکٹ کھیلی اوررضوان کے حوالے سے جو ڈاکٹرز نے بتایا وہ بہت بڑی بات ہے۔
حسن علی کے کیچ چھوڑنے پر شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ حسن علی کو پھر سے فارم میں لانا بھی عوام کے ہاتھ میں ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل شاہد آفریدی فاسٹ بولر شاہین آفریدی کی پرفارمنس پر بھی برہمی کا اظہار کرچکے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اگر حسن علی سے کیچ چھوٹ گیا تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ آپ(شاہین شاہ آفریدی ) بالکل ہمت ہار جائیں اور تین گیندوں پر تین چھکے کھا جائیں۔