قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف میچ میں شکست کے بعد غلطیاں نہ دوہرانے کے عزم کا اظہار کیا۔
میچ کے بعد ڈریسنگ روم میں ٹیم سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’سب کو معلوم ہے کہ ہم نے کہاں غلط کیا اور کہاں ہمیں بہتر کرنا چاہیے تھا، ہمیں اس سے سیکھنا ہے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ’کسی پر کوئی انگلی نہ اٹھائے، ہم نے بحیثیت ٹیم اچھا نہیں کھیلا‘۔
انہوں نے کہا کہ ہار گئے تو کوئی بات نہیں اس سے سیکھیں گے اور آگے جو کرکٹ کھیلیں گے اس میں ایسی غلطیاں نہیں دوہرائیں گے۔
بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ’ہمارے درمیان بہت بہترین ماحول رہا، ہر میچ میں ہر شخص نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے، ہم پوری کوشش کریں گے اور نتائج خود بخود ہمارے ہاتھ میں آتے رہیں گے‘۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ ’دکھ تو بہت ہے تاہم یہ وقت ایک دوسرے کو حوصلہ دینے کا ہے‘۔
بابر اعظم نے میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’آج کا دن بہت مایوس کن تھا، ہم نے اچھے رنز اسکور کیے تھے تاہم اس طرح میچ کو ختم نہیں کرسکے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے پورا اعتماد ہے کہ ہم اپنی اچھی کارکردگی کو جاری رکھیں گے، کیچز ڈراپ ہوئے اگر وہ نہ ہوتے تو شاید صورتحال کچھ اور ہوتی، ہم اپنی غلطیوں سے سیکھیں گے‘۔
حسن علی کے اہم کیچ چھوڑنے کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حسن علی پاکستان کا اہم باؤلر ہے اور ہمیشہ اس نے میچ جتوایا ہے، وہ تھوڑا ڈاؤن ہے تاہم اسے حوصلہ دیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پورے ٹورنامنٹ میں اچھی پرفارمنس دی اور پرامید ہوں کہ لڑکوں نے غلطیوں سے سیکھا ہوگا اور آگے جاکر کوشش کریں گے کہ ایسی غلطیاں دوبارہ نہ ہوں۔
پاکستان کے کرکٹ شائقین کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’پورے ٹورنامنٹ میں شائقین نے ہمیں بہت سپورٹ کیا اور اسے بطور کپتان اور ہماری پوری ٹیم نے بہت انجوائے کیا اور کوشش کی کہ کارکردگی کے ذریعے انہیں مزید خوش کریں‘۔
رضوان کو ٹیم میں شامل کرنے کے حوالے سے ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ رضوان نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا، مجھے ان کی طبیعت کو لے کر تھوڑی تشویش تھی تاہم انہوں نے مجھے اعتماد میں لیا تھا اور کارکردگی بھی دکھائی۔
اسپنرز کو کم موقع دینے کے حوالے سے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے ہم نے اپنی کوشش کی، شاداب خان نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، نتائج ہمارے حق میں نہیں آئے تاہم کوشش کریں گے کہ اپنی غلطیوں سے سیکھیں‘۔
ان کا کہنا تھا کہ حسن علی کو پورے ٹورنامنٹ میں ہم اعتماد دیتے رہے ہیں، کارکردگی نہ ہونا آپ کے ہاتھ میں نہیں، ہم صرف اپنی پوری محنت کرسکتے ہیں اور امید ہے حسن علی آگے جاکر پرفارمنس دکھائیں گے۔
واضح رہے کہ ٹی20 ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔