وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے سپریم کورٹ میں پیش ہو کر عدالتی حکم کی تعمیل کی۔چار ہفتے میں سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل کر کے رپورٹ سپریم کورٹ میں رکھیں گے۔ انتظامیہ، عدلیہ اور باقی اداروں سمیت تمام اداروں نے اپنا اپنا کام کرنا ہے۔
فواد حسین کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وزیراعظم نے عدالت میں پیش ہو کر آئین و قانون کی حکمرانی کو نافذ کر کے دکھایا ہے جو ہمارے منشور کا اہم حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہ احترام ہے جو پی ٹی آئی کی حکومت اپنے اداروں کا کرتی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ سانحہ اے پی ایس پر پاکستان کے ہر شہری کا دل رنجیدہ ہے۔ جب یہ سانحہ پیش آیا اس وقت مسلم لیگ (ن) برسراقتدار تھی ہمارے لئے بہت آسان تھا کہ ہم انہیں مورد الزام ٹھہراتے۔
فواد چوہدری کے مطابق ہم پاکستان کی قومی وحدت کو دیکھتے ہیں۔ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں نے اختلافات کو پس پشت ڈالتے ہوئے متحد ہو کر نیشنل ایکشن پلان بنایا جس کے پیچھے پوری قوم کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے بعد آج ہماری زندگیاں نارمل ہوئی ہیں اس کے لئے پاک فوج اور سیکورٹی اداروں نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔ جنہوں نے پاکستان کی سیاسی قیادت کے دور اندیشانہ فیصلوں پر شاندار طریقے سے عمل درآمد کیا۔
انہوں نے یاد دلایا کہ انٹیلی جنس کی ناکامی نائن الیون واقعہ میں بھی ہوئی سات بمبار وائٹ ہاﺅس کے سامنے ہوٹل میں تین مہینے تک رہے کسی کو نہیں پتہ چلا۔ سانحہ اے پی ایس میں انٹیلی جنس ناکامی کے بعد جو اقدامات اٹھائے گئے اس نے پاکستان سے دہشت گردی کو ختم کر دیا۔