سڈنی: دورہ پاکستان کا اعلان ہوتے ہی آسٹریلوی کرکٹرز نازنخرے دکھانے لگے جب کہ کپتان ٹم پین نے کہاکہ کچھ کھلاڑی سیکیورٹی کی وجہ سے جانے کو تیار نہیں ہوں گے۔
آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے دورئہ پاکستان کا باقاعدہ شیڈول جاری کیا جا چکا،کینگروز مارچ،اپریل کے اس ٹور میں 3 ٹیسٹ اور 4 وائٹ بال میچز کھیلیں گے۔ یہ1998 کے بعد پہلا موقع ہوگا جب آسٹریلوی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی،ٹور سیکیورٹی کلیئرنس سے مشروط ہے۔
آئندہ ماہ کرکٹ آسٹریلیا اور آسٹریلین کرکٹرز ایسوسی ایشن کا وفد سیکیورٹی ماہرین کے ہمراہ پاکستان جا کر حالات کا جائزہ لے گا، مارچ سے قبل پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال بھی جانچی جائے گی، اس کے بعد کھلاڑیوں کو بھیجنے کا حتمی فیصلہ ہوگا،ٹیسٹ کپتان ٹم پین نے پہلے ہی خبردار کردیاکہ بعض کھلاڑی سیکیورٹی کو جواز بنا کر دستبردار بھی ہوسکتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ چند کرکٹرز ٹور کے حوالے سے ماہرین اور دیگرافراد کی رائے لینا پسند کریں گے، اگر ہم پوری دیانتداری سے بات کریں تو چند کھلاڑی پھر بھی وہاں جانے کو تیار نہیں ہوں گے، دیگر ممالک کے ٹورز کے موقع پر بھی ایسا ہوچکا، یہ معاملہ پھر سامنے آئے گا اور ہم اس پر بات کریں گے، لوگوں کو درست جواب بھی ملیں گے تاکہ وہ مطمئن ہوجائیں، امید ہے کہ آخر میں ہم ایک بہترین ٹیم تیار کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے،البتہ اس حوالے سے فیصلہ انفرادی طور پر پلیئرز کو ہی کرنا ہے۔
یاد رہے کہ 2017 میں پاکستان کا دورہ کرنے والی ورلڈ الیون کا ٹم پین بھی حصہ تھے۔
اس حوالے سے انھوں نے کہا کہ ہمیں ایسی سیکیورٹی فراہم کی گئی جو پہلے نہیں دیکھی تھی، اگرچہ ہمارے سروں کے اوپر ہیلی کاپٹرز منڈلا رہے تھے مگر دل میں پھر بھی بے چینی موجود تھی۔
دوسری جانب آسٹریلوی آل راؤنڈر گلین میکسویل بھی ٹور کے حوالے سے غیریقینی سے دوچار ہیں،ان ہی تاریخوں میں ان کی دیرینہ دوست وینی رامان سے شادی طے ہے، ان سے انھوں نے گذشتہ برس مارچ میں منگنی کی تھی۔
گلین میکسویل نے کہاکہ میں شادی کو مزید ملتوی نہیں کرسکتا کیونکہ پہلے ہی 2 مرتبہ ایساکیا جا چکا ہے، اس لیے پاکستان جانے کے بارے میں یقینی طور پر کچھ نہیں کہہ سکتا۔