پاکستانی ٹیم کا مورال اس وقت بہت بلند ہے، شعیب ملک کا بھارتی ٹیم کی شکست پر تبصرے سے انکار

پاکستانی ٹیم کا مورال اس وقت بہت بلند ہے، شعیب ملک  کا بھارتی ٹیم کی شکست پر تبصرے سے انکار

قومی کرکٹر شعیب ملک نے ورلڈکپ میں بھارتی ٹیم کی شکست پر تبصرے سے انکار کردیا۔شعیب ملک نے ورچوئل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پہلے ہی میچ کی کامیابی سے مورال بہت بلند ہوا اور مسلسل جیت سے پاکستانی ٹیم کا مورال اس وقت بہت بلند ہے، کھلاڑیوں نے پریکٹس سیشن میں بہت محنت کی جو رنگ لارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حسن علی فائٹر ہے وہ کم بیک کرے گا، ایک دو میچز میں پرفارمنس نہیں ہوئی تو کوئی زیادہ بڑی بات نہیں ہے جب کہ بابر اعظم کی کپتانی میں نکھار آتا جارہا ہے، بابر کی سب سے اچھی بات یہ ہے کہ کپتانی میں بیٹنگ کا پریشر نہیں لے رہے۔

شعیب ملک نے بھارتی ٹیم کی شکست پر تبصرے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ کسی دوسری ٹیم پر کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتا، ہمارا فوکس پاکستان ٹیم اور میچز پر ہے، ٹیم مینجمنٹ نے واضح کیا ہے کہ اپنا فوکس صرف اپنے شاٹ پر رکھیں، نتائج آپ خود نہیں دے سکتے، مینجمنٹ کے اعتماد سے کھلاڑیوں پر دباؤ کم ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ ورلڈکپ کے دوران اپنی ریٹائرمنٹ کے بارے میں نہیں سوچ رہا، آئی سی سی ٹورنامنٹ میں مستقل مزاجی اچھی بات ہے۔

سابق کپتان نے مزید کہا کہ بائیو سکیور ببل آسان نہیں کیونکہ ایک کے بعد ایک سیریز چلتی آرہی ہے، اچھی بات ہے ببل میں اس وقت فیملیز ساتھ ہیں جس سے زیادہ مشکل نہیں ہو رہی۔

Whats-App-Image-2020-08-12-at-19-14-00-1-1
upload pictures to the internet