آل راؤنڈر شعیب ملک کیریئر کا شاندار اختتام کرنے کے خواہاں

آل راؤنڈر شعیب ملک

شعیب ملک کیریئر کا شانداراختتام کرنے کے خواہاں ہیں جب کہ آل راؤنڈر انٹرنیشنل کرکٹ کو الوداع کہنے سے قبل ٹیم کو ورلڈ کپ جتوانا چاہتے ہیں۔

شعیب ملک ٹی 20 ورلڈ کپ میں شریک پاکستانی اسکواڈ کے سینئر ترین ممبر ہیں، انھوں نے جب 1999 میں انٹرنیشنل ڈیبیو کیا تب شاہین شاہ آفریدی، محمد وسیم جونیئر اور بیٹسمین حیدر علی پیدا بھی نہیں ہوئے تھے، کپتان بابر اعظم، نائب کپتان شاداب خان اور فاسٹ بولر حسن علی بمشکل 5 برس کے تھے، اب وہ ان سب کے ساتھ میگا ایونٹ کھیلیں گے مگر اس کے باوجود 39 سالہ شعیب ٹورنامنٹ میں شریک معمر ترین کرکٹر نہیں ہیں،ان سے چند ماہ قبل ڈیبیو کرنے والے 42 سالہ کرس گیل سب سے بڑی عمر کے حامل پلیئر ہیں، ساتھی کھلاڑی محمد حفیط 41 ویں سالگرہ منا چکے۔

شعیب ملک کو صہیب مقصود کی انجری کے سبب آخری لمحات میں ٹیم کا حصہ بنایا گیا تاہم وہ پہلے ہی آئندہ برس آسٹریلیا میں شیڈول ٹی 20 ورلڈ کپ میں شریک ہونے کا امکان رد کرچکے ہیں۔

شعیب نے کہاکہ میں ورلڈ کپ کھیلنا اور سر کو بلند رکھتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ سے رخصت ہونا چاہتا ہوں۔ شعیب ملک کے پہلے قومی کپتان وسیم اکرم نے کہاکہ میں نے شعیب کو بولنگ اور فیلڈنگ کی وجہ سے منتخب کیا تھا،میں ان کی بیٹنگ کے بارے میں کچھ بھی نہیں جانتا تھا، محدود اوورز کے فارمیٹس میں شعیب پاکستان کیلیے اہم پلیئر ہیں، ان کی فٹنس بہترین اور وہ نوجوان کرکٹرز کیلیے رول ماڈل ہیں۔

سابق آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے کہاکہ شعیب کو ورلڈ کپ اسکواڈ کا حصہ بنانا اچھی بات ہے، وہ انتہائی تجربہ کار اور پاکستان کی مہم میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ شعیب ملک کا تجربہ ہمارے لیے اثاثہ ثابت ہوگا، وہ ٹیم کے فٹ ترین پلیئرز میں سے ایک ہیں، ہمیں ان کو الیون میں شامل کرنے کیلیے پلان بنانا ہوگا۔

Whats-App-Image-2020-08-12-at-19-14-00-1-1
upload pictures to the internet