ٹی20 ورلڈ کپ 2021 کے لیے پاکستانی ٹیم کی کِٹ کی رونمائی کردی گئی ہے۔ پاکستان کی کٹ کو سبز ہلالی پرچم کا رنگ دیا گیا ہے جس پر ملک کا نقشہ نمایاں طورپر نظر آ رہا ہے۔
ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کی کٹ کو سبز ہلالی پرچم کا رنگ دیا گیا ہے جس پر ملک کا نقشہ نمایاں طورپر نظر آ رہا ہے۔
کٹ کی ایک جانب پاکستان کرکٹ کا ستارہ نمایاں ہے اور دوسری جانب ورلڈ کپ کا لوگو ہے جبکہ بازوؤں پر دونوں جانب اسپانسرز کے لوگو موجود ہیں۔
ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے پاکستانی ٹیم آج متحدہ عرب امارات پہنچ گئی ہے۔
قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے متحدہ عرب امارات روانگی سے قبل ٹوئٹر پر پیغام میں کہا کہ شائقین کی سپورٹ ہمارے لیے بہت معنی رکھتی ہے لہٰذا وہ ہمارا ساتھ دیں، ہمیں سپورٹ کریں اور ہمارے لیے دعائیں کریں۔
پاکستان کی ٹیم ورلڈ کپ میں اپنی مہم کے آغاز سے قبل دو وارم اپ میچ بھی کھیلے گی۔
گرین شرٹس کا پہلا وارم اپ میچ دفاعی چیمپیئن ویسٹ انڈیز سے 18 اکتوبر کو ہو گا جبکہ دوسرا وارم اپ میچ 20 اکتوبر کو جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلا جائے گا۔
پاکستان کی ٹیم عالمی کپ میں اپنی مہم کا آغاز 24 اکتوبر کو روایتی حریف بھارت کے خلاف میچ سے کرے گی جس کے بعد دوسرا میچ 26 اکتوبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلا جائے گا۔
عالمی کپ میں پاکستان کا تیسرا میچ 29 اکتوبر کو افغانستان سے ہو گا جس کے بعد 31 مارچ کو اگلا میچ کوالیفائر کے خلاف کھیلا جائے گا۔
پاکستان کی ٹیم ٹی20 ورلڈ کپ میں اپنا آخری گروپ میچ 7نومبر کو کوالیفائر کے خلاف کھیلے گی۔
ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کا اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔
بابر اعظم(کپتان)، شاداب خان، آصف علی، سرفراز احمد، حیدر علی، حارث رؤف، حسن علی، عماد وسیم، شعیب ملک، محمد حفیظ، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم، شاہین آفریدی اور فخر زمان۔