نیوزی لینڈ کے سابق کرکٹر گرانٹ بریڈ برن نے پاکستان کرکٹ کے ہیڈ آف ہائی پرفارمنس کوچنگ کا عہدہ چھوڑ دیا تاکہ کوچنگ کے نئے مواقع تلاش کیے جاسکیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے جاری کردہ بیان کے مطابق گرانٹ بریڈ برن نے ستمبر 2018 سے جون 2020 تک تین سال کے لیے بورڈ کے ساتھ بطور فیلڈنگ کوچ کام کیا جس کے بعد انہوں نے ہائی پرفارمنس کوچنگ کے سربراہ کی ذمہ داریاں سنبھا لیں۔
انہوں نے کہا کہ ’پاکستان کے لیے خدمات انجام دینے، کھلاڑیوں، ٹیم اور کوچز کو آگے بڑھانے کے چیلنجز سے نمٹنے پر مجھے فخر ہے، میں پی سی بی کا مشکور ہوں جس نے مجھے بھرپور مواقع اور تجربے فراہم کیے’۔
گرانٹ بریڈ برن کا کہنا تھا کہ انہوں نے پاکستان میں وقت گزارنے کے دوران خود کو ہمیشہ محفوظ تصور کیا اور لوگوں نے ان کے ساتھ تعاون کیا۔
انہوں نے کہا کہ غیر ملکی کی حیثیت سے پی سی بی کے موجودہ اور سابقہ ساتھیوں، کھلاڑیوں، حکام اور پاکستان کے عوام کی جانب سے ان کی قدر کی گئی اور انہیں خوش آمدید کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘میں نے یہاں ہمیشہ خود کو محفوظ تصور کیا اور اس شاندار ملک میں محبت کی تلاش کرتے ہوئے میں نے زندگی بھر کے لیے بے شمار دوست بنائے ہیں’۔
سابق کرکٹر نے واضح کیا کی ان کے خاندان نے ان کے پاکستان کرکٹ میں خدمات انجام دینے کے دوران ’بہت قربانیاں’ دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اب وقت ہے کہ وہ اپنے خاندان کو ترجیح دیں اور کوچنگ کے اگلے چیلنجز کی جانب بڑھیں۔
بی سی پی کے ہائی پرفارمنس ڈائریکٹر ندیم خان نے گرانٹ بریڈ برن کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ‘گرانٹ نے پاکستان کرکٹ کے لیے جذبے اور دل جمعی سے خدمات انجام دیں، انہوں نے ہمیشہ بھرپور قوت کے ساتھ آئیڈیاز پیش کیے جن میں سے کئی پر انہوں نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کی تنظیم نو کے بعد عملدرآمد کیا‘۔
انہوں نے گرانٹ بریڈ برن کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔