پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے انعقاد کی تاریخ کا اعلان کردیا۔ پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ 23 ستمبر سے شروع ہوگا، ایونٹ میں قومی ستارے جلوہ گر ہوں گے۔
پی سی بی کے مطابق ٹورنامنٹ سےقومی کھلاڑیوں کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے تیاری میں مدد ملے گی ، نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کا پہلا مرحلہ راولپنڈی میں ہوگا، ایونٹ 23 ستمبر سے 13 اکتوبر تک جاری رہےگا۔
پہلا مرحلہ راولپنڈی میں 23 ستمبر سے 3 اکتوبر تک جاری رہےگا، دوسرا مرحلہ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں 6 اکتوبر سے شروع ہوگا۔
اعلامیے کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کےکپتان بابر اعظم سینٹرل پنجاب کی قیادت کریں گے، نائب کپتان قومی ٹیم شاداب خان ناردرن کی قیادت کریں گے، امام الحق بلوچستان اور سرفراز احمد سندھ کی قیادت کریں گے، ان کے علاوہ محمد رضوان خیبر پختونخوا اور صہیب مقصود سدرن پنجاب کی قیادت کریں گے۔
چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کا کہنا ہےکہ نیوزی لینڈ سیریز ختم ہونےکے بعد یہ ایونٹ کھلاڑیوں کو صلاحیتوں کے اظہارکا موقع فراہم کر رہا ہے ، بہترین کھلاڑیوں کی شرکت سے ٹورنامنٹ کی اہمیت بڑھ جائےگی۔