نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن کا کہنا ہے کہ پاکستان کا دورہ نیوزی لینڈ جس طرح ختم ہوا اس سے سب کو ہی افسوس ہے اور یہ شرم کی بات ہے، امید ہے دورہ ختم ہونے کے دیرپا اثرات نہیں ہوں گے۔
ایک انٹرویو میں کپتان نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کین ولیمسن نے کہا کہ انہیں پاکستان میں نیوزی لینڈ کے دورہ منسوخ کیے جانے کے بارے میں زیادہ معلومات نہیں ہیں لیکن یہ سب کچھ بالکل اچانک ہوا، دبئی میں کرکٹ لیگ کے لیے موجود ہوں صورت حال کے بارے میں جلد جاننے کی کوشش کروں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کی حفاظت کی بڑی اہمیت ہوتی ہے اور جب حکومت کی طرف سے پیغامات ملیں تو صورت حال کھلاڑیوں سے اوپر چلی جاتی ہے۔
کیوی قائد نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کو بہت سپورٹ کیا جاتا ہے اور وہاں بہت جذبہ پایا جاتا ہے، دوسرے ممالک کی طرح یہاں بھی انٹرنیشنل کرکٹ کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے بڑا اچھا لگا تھا کہ پاکستان میں سیریز کھیلی جا رہی ہے لیکن اس طرح دورہ ختم ہونا بہت ہی افسوسناک اور شرم کی بات ہے، ہماری ٹیم گراونڈ جانے کے لیے تیار تھی اور کھلاڑی شدت سے سیریز کے منتظر تھے۔
کین ولیمسن نے کہا وہ امید کرتے ہیں کہ اس واقعے کے اثرات دیرپا نہیں ہوں گے اور پاکستان میں جلد کرکٹ ہو گی۔