قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے کہا ہےکہ مصباح الحق اور وقار یونس میدان چھوڑ کر بھاگے ہیں۔راولپنڈی ایکسپریس کا کہنا تھا کہ قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور باولنگ کوچ کو اندازہ تھا کہ وہ رمیز راجہ کی موجودگی میں نہیں چل سکتے، اس لیے وہ عہدوں سے دستبردار ہو گئے۔
خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق اور باولنگ کوچ وقار یونس اپنے عہدوں سے دستبردارہو گئے ہیں، ثقلین مشتاق اور عبدالرزاق نیوزی لینڈ سیریز میں بحیثیت عبوری کوچز ذمہ داری نبھائیں گے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے موقف اختیار کیا کہ اب وہ اس فریم آف مائنڈ میں نہیں کہ آئندہ چیلنجز سے نبرد آزما ہوسکیں اوروہ اپنے اہلخانہ کے ساتھ وقت گزارنا چاہتے ہیں۔
باولنگ کوچ وقار یونس کہتے ہیں کہ مصباح الحق نے انہیں اپنا فیصلہ بتایا تو انہوں نے بھی عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا، وہ پاکستان کے نوجوان باؤلرز کے ساتھ کام کرنے پر مطمئن ہیں۔
ہیڈ کوچ مصباح الحق اور باولنگ کوچ وقار یونس کا فیصلہ سامنے آتے ہی شیعب اختر نے انہیں آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ وہ میدان چھوڑ کر بھاگ گئے ہیں۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ شعیب اختر نے مصباح الحق پر تنقید کی ہو، مصباح الحق کو جب کوچ منتخب کیا گیا تھا تب بھی راولپنڈی ایکسپریس نے انہیں مبارک دیتے ہوئے طنز کر ڈالا تھا کہ انہیں حیرت ہے کہ مصباح کو چیئرمین پی سی بی کیوں نہیں بنایا گیا۔