بارسلونا فٹ بال کلب کو چھوڑنے کی الوادعی تقریب میں آنسو صاف کرنے کیلئے لیونل میسی کے استعمال شدہ ٹشو پیپر کی قیمت 1 ملین ڈالر لگائی گئی ہے۔ارجنٹائن کے اسٹار فٹبالر نے کچھ روز پہلے ہی ہسپانوی فٹبال کلب بارسلونا کو الوداع کہا جس کے لیے خصوصی تقریب کا انتعاد کیا گیا تھا۔
پریس کانفرنس میں کلب کے ساتھ اپنی 21 سالوں کی یادوں کو یاد کرتے ہوئے میسی آبدیدہ ہو گئے اور ان کی اہلیہ نے جو وہیں سامنے بیٹھیں تھیں فورا انہیں ایک ٹیشو پیپر تھما دیا۔ میسی نے ٹیشو لیا اپنے آنسو صاف کیے اور پھینک دیا۔
لیکن پریس کانفرنس کے دوران ہال میں بیٹھے ایک نامعلوم شخص نے وہ ٹیشو پیپر اٹھالیا اور اسے انٹرنیٹ پر ایک آن لائن ویب سائٹ پر 1 ملین ڈالر یعنی 16کروڑ پاکستانی روپے سے زائد میں بیچنےکا اشتہار بھی دے دیا ہے۔
شخص کا کہنا ہے کہ ٹشو پیپرمیں میسی کا جینیاتی مواد موجود ہے جو آپ کو ان جیسا فٹ بال کھلاڑی بننے میں مدد دے گا۔
لیونل میسی نے بارسلونا کلب 16 اکتوبر 2004 میں جوائن کیا تھا۔ میسی نے بارسلونا کی طرف سے 778 میچوں میں حصہ لیا اور کل 672 گول کیے۔
بارسلونا فٹبال کلب کی جانب سے جاری بیان کے مطابق میسی اور کلب دونوں ہی اس بات پر تیار تھے کہ میسی کلب کے لیے کھیل جاری رکھیں مگر ہسپانوی فٹبال لیگ کے قواعد میسی سے ہونے والے نئے معاہدے کے خدوخال کے آڑے آگئے۔