قومی ہیرو ارشد ندیم ملک کا نام روشن کر کے واپس وطن پہنچ گئے۔صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور بھٹی نے ارشد ندیم کا استقبال کیا۔ انہیں پھولوں کے ہار پہنائے اور گلدستہ پیش کیا۔
شہریوں کی بڑی تعداد بھی استقبال کے لیے ائیرپورٹ کے باہر موجود تھی۔ ارشد ندیم ائیرپورٹ سے باہر آئے تو عوام کی جانب سے پاکستان زندہ باد، ارشد ندیم زندہ باد کے نعرے بھی لگائے گئے۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ ٹوکیو اولمپکس میں ارشد ندیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ارشد ندیم میڈل تو نا جیت سکے مگرانہوں نے قوم کا دل ضرور جیت لیا ہے۔
قومی ہیرو ارشد ندیم نے وطن واپس پہنچنے پر کہا کہ قوم کی دعاوں کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے اچھا رزلٹ دینے کی کوشش کی۔ مستقبل میں ملک کے لئے میڈل لانے کی کوشش کریں گے۔
قومی ایتھلیٹ کا کہنا تھا جو خامیاں رہیں ان پر قابو پاکر آئندہ بہترین کھیل کا مظاہرہ کریں گے۔ اپنی کارکردگی سےآئندہ مداحوں کو مایوس نہیں کریں گے۔
فخر پاکستان ارشد ندیم کا آبائی علاقے میاں چنوں پہنچنے پر بھی شاندار استقبال کیا گیا۔ مداحوں نے پھولوں کے ہار پہنائے اور سیلفیاں لیتے رہے۔
یاد رہے کہ ارشد ندیم نے ٹوکیو اولمپکس کے جیولین تھرو مقابلوں میں پانچویں پوزیشن حاصل کی تھی۔