پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیو زی لینڈ کے دورہ پاکستان کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔نیوزی لینڈ کی ٹیم آئندہ ماہ 18 سال بعد پاکستان کا دورہ کرے گی، اس دوران مہمان ٹیم آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ میں شامل تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز اور پانچ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔
دونوں ٹیموں کے مابین ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں شامل تینوں میچز راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے، یہ میچز 17، 19 اور 21 ستمبر کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
سیریز میں شامل تمام 5 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے، جو 25 ستمبر سے 3 اکتوبر تک جاری رہیں گے۔
نیوزی لینڈ وہ پہلی ٹیم ہوگی جو پاکستان میں موجود شائقین کرکٹ کے لیے ترتیب دیئے گئے بمپر کرکٹ سیزن 22-2021 میں شرکت کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی۔
خیال رہے کہ نیوزی لینڈ نے اس سے قبل نومبر 2003 میں آخری مرتبہ پاکستان کا دورہ کیا تھا جس میں کیوی ٹیم نے 5 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے تھے۔
2003 کے بعد پاکستان اب تک تین مرتبہ نیوزی لینڈ کی میزبانی کر چکا ہے تاہم یہ تمام میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے تھے۔
نیوز ی لینڈ کے بعد انگلینڈ کی مینز اور ویمنز ٹیمیں پاکستان کا دورہ کریں گی جس کے بعد ویسٹ انڈیز کی ٹیم تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے کراچی پہنچے گی جبکہ آسٹریلیا کو بھی آئندہ سال فرور ی/مارچ میں پاکستان کا دورہ کرنا ہے۔