پاکستان اور ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیموں کے درمیان 4 میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز کل سے بارباڈوس میں ہورہا ہے۔
دونوں ٹیمیں کل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں مد مقابل ہوں گی۔
اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 27 جولائی کو کھیلا جانا تھالیکن آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ون ڈے سیریز تاخیر سے ختم ہونے کے باعث پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے شیڈول میں ردو بدل کردیا گیا تھا اس کے علاوہ اب 5 میچز کے بجائے سیریز میں 4 میچز کھیلے جائیں گے۔
اگر پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دو طرفہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کی بات کریں تو گرین شرٹس کا پلڑا کافی بھاری ہے۔
ویسٹ انڈیز نے پاکستان کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کو ری شیڈول کردیا
دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 5 ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلی جا چکی ہیں جن میں سے 4 پاکستان اور ایک ویسٹ انڈیز نے جیتی ہے۔
اس کے علاوہ اگر مکمل میچز کی بات کریں تو دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 14 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے گئے ہیں جن میں 11میچز پاکستان اور 3 میچز ویسٹ انڈیز نے جیتے۔
پاکستان ٹیم کا میزبان ٹیم کے خلاف ان کے میدان میں بھی پلڑا بھاری ہے۔ اب تک 7 میچز ویسٹ انڈیز میں کھیلے گئے جن میں سے 5 میچز میں قومی ٹیم نے میزبان ٹیم کو ان کی ہی سر زمین پر شکست دی۔