پاکستان اور انگلینڈ کے مابین تیسرا اور سیریز کا آخری ٹی 20 انٹرنیشنل میچ آج کھیلا جائے گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 10:30 بجے اولڈ ٹریفورڈ مانچسٹر میں شروع ہوگا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر ہے۔ دونوں ٹیمیں میچ جیت کر سیریز اپنے نام کرنے کی خواہش مند ہیں۔
پاکستان نے سیریز کے پہلے میچ میں میزبان ٹیم کو شکست دی تھی۔انگلینڈ نے پاکستان کو دوسرے میچ میں45رنز سے شکست دی تھی۔
پاکستان کو تین میچز کی ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں پہلے ہی انگلینڈ کے ہاتھوں مات ہوچکی ہے۔ گرین شرٹس آخری ٹی20 میچ جیت کر نہ صرف سیریز اپنے نام کر سکتے ہیں بلکہ ون ڈے سیریز کا حساب بھی برابر کر سکتے ہیں۔
کپتان بابراعظم کی قیادت میں قومی ٹیم نے 20 ماہ کے دوران کوئی ٹی20 سیریز نہیں ہاری لیکن اب ان کا یہ ریکارڈ خطرے میں ہے۔ ان کی قیادت میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے آخری بارنومبر2019 میں آسٹریلیا کے خلاف سیریز آسٹریلیا میں ہاری تھی۔
اس کے بعد گرین شرٹس نے زمبابوے، جنوبی افریقہ اور بنگلا دیش کے خلاف ٹی20 سیریز اپنے نام کی۔ انگلینڈ کے خلاف انگلینڈ میں پاکستان کی سیریز ایک ایک سے ڈرا ہوئی۔
گزشتہ سال نیوزی لینڈ نے پاکستان کو سیریز میں شکست دی تھی لیکن اس ٹیم کی قیادت بابر اعظم کی غیر موجودگی میں شاداب خان کر رہے تھے۔
آج کا میچ نام صرف ٹیم کی کارکردگی بلکہ بابراعظم کے ریکارڈ کیلئے بھی اہم سمجھا جارہا ہے۔ انگلینڈ کیخلاف دوسرے میچ کیلئے جو ٹیم سلیکٹ کی گئی اس پر پاکستان کرکٹ بورڈ کو سخت تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ شعیب اختر نے کہا مجھے سمجھ نہیں آئی کہ پاکستان نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیوں کیا۔