قومی ٹیم کے آل راؤنڈر شعیب ملک اور ان کی اہلیہ بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کو یو اے ای کا گولڈن ویزا مل گیا۔
عرب میڈیا کے مطابق قومی ٹیم کے آل راؤنڈر شعیب ملک اور ان کی اہلیہ ثانیہ مرزا کو گولڈن ویزا ملنے کے بعد 10 سال تک یو اے ای میں رہنے کی اجازت ہوگی۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات نے 2019 میں گولڈن ویزوں کے اجرا کا اعلان کیا تھا۔
یاد رہے کہ سابق کپتان شعیب ملک نے 35 ٹیسٹ، 287 ون ڈے اور 116 ٹی ٹوینٹی میچز میں ملکی نمائندگی کی، وہ 2007 کے ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کے کپتان تھے۔
شعیب ملک 2009 ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کی فاتح ٹیم کا بھی حصہ تھے اور فائنل میچ میں شاہد آفریدی کے ساتھ مردِ بحران بھی ثابت ہوئے تھے۔
شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا بھارت میں ٹینس کا بڑا نام ہیں، ثانیہ مرزا ان دنوں لندن میں موجود ہیں انہوں نے حال ہی میں ہونے والے ومبلڈن ٹینس ٹورنامنٹ میں شرکت کی تھی۔