چیمپئنز ٹرافی 2017 کی فاتح پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کی سینٹرل کنٹریکٹ میں بتدریج تنزلی جاری ہے اور 5 برس پہلے وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز اے کیٹیگری میں شامل ہوئے جو اب سی کیٹیگری میں جا پہنچے ہیں۔
سرفراز احمد کی گزشتہ برس اے سے بی کیٹیگری میں تنزلی ہوئی تھی اور اب وہ سی کیٹیگری میں عابد علی، امام الحق، حارث رؤف، محمد حسنین، محمد نواز اور نعمان علی کے ساتھ شامل ہیں۔
سرفراز احمد گزشتہ سیزن میں ایک ون ڈے میچز اور 2 ٹی ٹوئنٹی میچز ہی پاکستان کی جانب سے کھیل سکے تھے۔ انہوں نے گزشتہ برس انگلینڈ کے خلاف سیریز میں ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جس کے بعد انہیں 25 اپریل کو ہرارے میں زمبابوے کے خلاف موقع دیا گیا۔
سرفراز نے ون ڈے میچ 7 اپریل کو سینچورین میں جنوبی افریقا کے خلاف کھیلا اور اس دوران انہیں کسی ٹیسٹ میچ میں موقع نہیں ملا جب کہ سرفراز نے آخری ٹیسٹ میچ جنوری 2019 میں جنوبی افریقا کے خلاف کھیلا تھا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کردیا گیا ہے جس میں کیٹیگری سی کے ماہوار وظیفے میں 25 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، گزشتہ سینٹرل کنٹریکٹ کا یہ ماہانہ معاوضہ ساڑھے پانچ لاکھ روپے تھا۔
پی سی بی ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سرفراز احمد اس وقت وکٹ کیپر ہیں اس لیے انہیں سی کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔