پشاور زلمی کے 2 کھلاڑیوں کو بائیو سیکیور پروٹوکولز کی خلاف ورزی کرنے پرمعطل کر دیا گیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق دونوں کھلاڑیوں نے نہ صرف ببل کے باہر موجود افراد سے ملاقات کی بلکہ دونوں کھلاڑیوں نے دوران ملاقات مقررہ سماجی فاصلہ بھی برقرار نہ رکھا۔
پی سی بی کے مطابق دونوں کھلاڑیوں نے لیگ کے مقررہ پروٹوکولز کی خلاف ورزی کا اعتراف کیا۔ دونوں کرکٹرز اپنے اسکواڈ میں شامل کسی دوسرے رکن سے نہیں ملیں گے اور دونوں کرکٹرز کو روم آئسولیشن میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
پشاور زلمی کے حیدر علی کو دورہ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز سے بھی باہر کر دیا گیا ہے جبکہ ملتان سلطانز کے صہیب مقصود بطور متبادل کھلاڑی قومی اسکواڈ کا حصہ بن گئے ہیں۔
پی سی بی کے مطابق صہیب مقصود کو حیدر علی کے متبادل کی حیثیت سے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ چیف سلیکٹر محمد وسیم نے کپتان بابراعظم اور ہیڈ کوچ مصباح الحق سے بھی مشاورت کی۔