پاکستان سپر لیگ کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا اور پلے آفس کی چاروں ٹیمیں کنفرم ہو چکی ہیں۔
پی ایس ایل کے پہلے مرحلے میں ہر ٹیم نے 10، 10 میچز کھیلے جس کے بعد اسلام آباد یونائٹیڈ، ملتان سلطانز، پشاور زلمی اور ملتان سلطانز نے پلے آف کے لیے کوالیفائی کیا۔
بیٹنگ میں کراچی کنگز کے بابر اعظم 6 نصف سنچریوں کی مدد سے 501 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر ہے، ٹورنامنٹ میں بابر اعظم کی رنز بنانے کی اوسط 71.57ہے۔
ملتان سلطانز کے محمد رضوان 470 رنز بنا کر دوسرے، سرفراز احمد 321 رنز بنا کر تیسرے نمبر پر ہیں۔ کراچی کنگز کے شرجیل خان نے 10 میچز میں 312 جبکہ ملتان سلطانز کے صہیب مقصود نے 304 رنز بنائے۔
بولنگ میں ملتان سلطانز کے شاہنواز دہانی 9 میچز میں 20 وکٹیں حاصل کرکے ٹاپ پر ہیں، لاہور قلندرز کے شاہین شاہ آفریدی 16 وکٹیں حاصل کرکے دوسرے، پشاور زلمی کے وہاب ریاض 14 وکٹیں لے کر تیسرے جبکہ لاہور قلندرز کے جیمز فاکنر 13 وکٹوں کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔
اسلام آباد یونائٹیڈ کے حسن علی اور پشاور زلمی کے ثاقب محمود نے لیگ اسٹیج میں 12، 12 وکٹیں حاصل کیں۔
اب کون کس سے کھیلے گا؟
دلچسپ بات یہ ہے کہ اسلام آباد کے بعد 4 ٹیموں یعنی ملتان سلطانز، پشاور زلمی، کراچی کنگز اور لاہور قلندرز، سب کے پوائنٹس برابر ہیں، یعنی 10، 10 اور فیصلہ صرف نیٹ رن ریٹ پر ہوا ہے۔
پہلے کوالیفائر میں اسلام آباد اور ملتان کا مقابلہ ہوگا، جہاں جیتنے والا براہِ راست فائنل تک رسائی پائے گا جبکہ شکست خوردہ ٹیم انتظار کرے گی کہ پہلے ایلیمنیٹر میں کراچی کنگز اور پشاور زلمی میں سے کون جیتتا ہے۔ جہاں شکست کھانے والا تو ٹورنامنٹ سے باہر ہوجائے گا وہیں فاتح ٹیم پہلے کوالیفائر کی شکست خوردہ ٹیم سے ایک اور مقابلہ کرے گی۔
اس میچ میں کامیاب رہنے والی ٹیم فائنل میں جگہ پائے گی۔ یہی وہ فارمیٹ ہے جو سالہا سال سے پی ایس ایل میں چل رہا ہے اور پورے سیزن میں محنت کرکے پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ 2 پوزیشنیں سنبھالنے والی ٹیموں کو بہترین موقع دیتا ہے۔